بھارت جنوبی ایشیاکا امن تباہ کرنے پر تلا ہے ، کشمیریوں کو بزور طاقت دبانے کی جتنی کوشش کریگا تحریک اتنا زور پکڑتی جائیگی، حریت کانفرنس

کشمیری حق خودارادیت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، نس، بھارتی حکمران بستیوں کو تاراج، لوگوں کو گرفتارو قتل کرسکتے ہیں مگرحقیقت جھٹلا نہیں سکتے جموںو کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، ترجمان

بدھ 1 نومبر 2017 20:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بھارت کے حکمران 1947ء سے تحریک آزادی کشمیر کو طاقت کے بل پردبانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ جموںو کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجما ن نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور کٹھ پتلی نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ کے بیان پر ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام نہتے ہونے کے باوجود اپنی تحریک کی صداقت پر یقین رکھتے ہوئے لاکھوں شہداء کی قربانیوں کے امین بنے ہوئے ہیں اور انہوں نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔

نرمل سنگھ نے کہاتھا کہ جموںو کشمیر کو بھارت سے علیحدہ کرنے کا دم کسی میں نہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ بھارتی حکمران طاقت کے نشے میںبستیوں کو تاراج کرسکتے ہیں،لوگوں کو گرفتاراور قتل کرسکتے ہیں لیکن اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتے کہ جموںو کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور تمام تر مظالم کے باوجود کشمیری عوام نے اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کررکھاہے۔

انہوں نے کہابھارت کشمیریوں کو بزورِ طاقت دبانے کی جتنی کوشش کر ے گا اتنا ہی یہ تحریک زور پکڑتی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ اگر بھارتی حکمران جنوبی ایشیاء میں امن ،ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں تو انہیں کشمیریوں کے ساتھ اپنا لہجہ بدلنا ہوگا اور طاقت کے بجائے اصول کی زبان بولنا ہوگی۔ترجمان نے کہاکہ کشمیری قوم مسئلہ کشمیرکے پائیدار حل کے لیے مذاکرات سے کبھی نہیں بھاگی لیکن بھارت طاقت کے نشے میں جنوبی ایشیاکے امن کو تباہ کرنے پر تُلا ہوا ہے۔ بھارت چاہتا ہے کہ کشمیری بھارت کی غلامی کوتسلیم کریں، لیکن کشمیری عوام کو اللہ کے سوا کوئی طاقت مرعوب نہیں کرسکتی اور نہ انہیں مبنی برحق جدوجہد سے باز رکھا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :