مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ شہریوں کے قتل پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ،ْ سید علی گیلانی

ہفتہ 6 جنوری 2018 18:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کے تمام واقعات کی کسی بین الاقوامی ادارے کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ دہراتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ علاقے میں انسانی المیوں پر ابھی تک خاموش ہے اور وہ بھارتی افواج کے جنگی جرائم کا کوئی نوٹس نہیں لے رہی ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں دن دہاڑے انسانیت سوز اور دل دہلا دینے والے واقعات رونما ہورہے، لیکن عالمی برادری مجرمانہ خاموشی اپنائے ہوئی ہے جس کی وجہ سے جموں کشمیر میں اانسانی زندگیاں زبردست خطرات سے دوچار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوپور میں 6/جنوری 1993؁ء کو جو قیامتِ صغریٰ برپا کی گئی، وہ اپنی نوعیت کا پہلا اور آخری واقعہ نہیں تھا، بلکہ اسطرح کے سینکڑوں واقعات ہیں، جن میں بھارت کی مسلح افواج سول آبادیوں پر ٹوٹ پڑی ہے اور نہ صرف نہتے انسانوں کو بے رحمانہ طریقے سے قتل کیا گیا، بلکہ بستیوں کی بستیوں کو جلا کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کردیا گیا۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ ان واقعات میں ملوث مجرموں کو جب تک ِ انصاف کے کٹہرے تک نہیں لایا جائے گا جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کی قربانیوں اور ان کے مشن کو یاد رکھیں ۔

ادھر سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے صدر دفتر پر شہدائِ سوپور کی یاد میں جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی کی صدارت میں ایک دعائیہ مجلس منعقد ہوئی جس میں حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، سید محمد شفیع، محمد یوسف مجاہد اور دیگر اراکین حریت نے شرکت کی۔ سوپور میں شہداء کی یاد میںسب سے بڑی دعائیہ مجلس نیو کالونی بس اسٹینڈ سوپور پر منعقد ہوئی، جس میں آزادی پسند راہنماؤں بشیر احمد قریشی، غلام نبی ذکی، شاہ ولی محمد، عبدالاحد وغیرہ کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور تجدید عہد کیا کہ شہداء کے مشن کو ہر صورت میں جاری وساری رکھا جائے گا ۔