جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی محکمہ برقیات کی جانب سے بجلی بلات میں اضافی یونٹ ڈالنے کی شدید مذمت

عوام بوگس بلات جمع کرانے سے انکار کردیں، جماعت اسلامی ظلم کیخلاف شدید احتجاج کریگی، شیخ عقیل الرحمن

منگل 16 جنوری 2018 19:38

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2018ء) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے محکمہ برقیات کی جانب سے بجلی بلات میں اضافی یونٹ ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جگا ٹیکس قرار دیدیا اور کہا ہے کہ عوام ایسے بوگس بلات جمع کرانے سے انکار کردیں۔جماعت اسلامی اس ظلم کیخلاف شدید احتجاج کرے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور پھر ناروا ٹیکسز کے ذریعے عوام کا جینا محال کیا جارہا ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے ۔ایک طرف تو بجلی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ چکا ہے اور پھر محکمہ برقیات بوگس بلات جاری کررہا ہے ۔سول سوسائٹی اور تاجروں سمیت دیگر جماعتوں سے مل کر محکمہ برقیات کی ان من مانیوں کیخلاف شدید احتجاج کریں گے۔

آزادکشمیر میں ساڑھے تین سو میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ یہ علاقہ بڑی مقدار میں بجلی پیدا کررہا ہے اور اس کو اس کی بنیادی ضرورت سے بھی محروم رکھا جارہا ہے اور پھر بوگس بلات اور ناروا ٹیکسز لگانا سراسر ظلم ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔