کشمیری کل یوم سیاہ اس عزم کے ساتھ منارہے ہیں کہ اپنی جدوجہد کو حصول آزادی تک جاری رکھیں گے ،ْ سردار محمد مسعود خان

بھارتی فوج کی ظلم وبربریت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کسی صورت کمزور نہیں کر سکتی، کشمیری7دہائیوں سے بھارت کے جبرو تشدد کے خلاف برسر پیکار ہیں لیکن ان کے جذبہ استقلال میں لغزش نہیں آسکی ،ْ صدر آزاد کشمیر

جمعرات 25 جنوری 2018 18:26

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2018ء) صدرآزاد جموں وکشمیرسردارمحمد مسعود خان ،وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ اس عزم کے ساتھ منارہے ہیں کہ کشمیری اپنی جدوجہد کو حصول آزادی تک جاری رکھیں گے۔

بھارتی فوج کی ظلم وبربریت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کسی صورت کمزور نہیں کر سکتی۔کشمیری قوم حصول آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے 26جنوری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ منانے کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔صدر آزادجموں وکشمیر محمد مسعودخان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر کے نہتے عوام گزشتہ 7دہائیوں سے بھارت کے جبرو تشدد کے خلاف برسر پیکار ہیں ۔

(جاری ہے)

8لاکھ سے زائد فوج کشمیری عوام پر مسلط ہے۔ مگر آج تک ان کے جذبہ استقلال میں لغزش نہیں آسکی۔ان کی جدوجہد کا مقصد واضح اور منزل قریب ہے۔بھارتی افواج نے جبروتشدد کا ایسا کوئی ہتھکنڈا نہیں چھوڑا جو مظلوم کشمیری عوام پر نہ آزمایا ہو لیکن کشمیری عوام جرات وپامردگی اور حوصلے کے ساتھ اپنے موقف پرقائم ہیں ۔انہوں نے اپنے نصب العین کو نہیں چھوڑا اور کسی بھی صورت اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن آزا د کشمیر ،پاکستان او ردنیا بھر میں مقیم کشمیری دنیا پر یہ واضح کردیں گے کہ بھارت کشمیریوں کے بنیادی حق ،حق خودارادیت کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔آج تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں کشمیر مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادیں اور دیگر عالمی فورمز سے جاری کردہ بیانات کی روشنی میں بھارت کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے سے قابض افواج کو نکالے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق ،حق خودارادیت دے۔

دنیا کی تمام طاقتوں نے اس مسئلے کو انسانی حقوق کے تناظر میں ایک حل طلب مسئلہ قراردیا ہے جس کا جلد حل ناگزیر ہے۔ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری غاصبانہ قبضے کے خلاف آج دنیا بھر کے کشمیری یوم سیاہ منا کر ایک بار پھر دنیا پر یہ واضح کریں گے کہ کشمیری بھارت کے جبروتسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان لاکھوں شہدا کو دلی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے گر م لہو سے شمع تحریک کو ہر آن تابندہ اور روبہ مستقبل رکھا اور کٹھن حالات و مشکلات کے باوجود جوش حریت کو سرد نہیں ہونے دیا ۔بین الاقوامی برادری کے ا ن تمام ممالک اور ان دانشور و تجزیاتی اداروں کا بھی گہرا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوںجنہوں نے اپنے اپنے طور پر کشمیر کانفرنسوں کے ذریعہ تحریک کشمیر کو بین الاقوامیت عطا کر رکھی ہے ۔

اہل کشمیر اور اہل پاکستان تاریخی ، انسانی ، جغرافیائی ، تہذیبی ، تمدنی اور نظریاتی رشتوں میں باہم پیوستہ ہیں ۔ فکر و نظر ، امنگیں و آرزوئیں مستقبل و منزل دونوں کی ایک ہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ خطہ کشمیر میں حالات و واقعات جو بھی اثرات مرتب کرتے ہیں یا کریں گے ان پر تو قوم کے قلوب و اذہان پر مرتب ہو تا رہے گا۔یہ باہم رشتہ عظیم ہے اس کو ہمارے لاکھوں شہداء کے مقدس خون اور تحریک نے عظیم تر بنا دیا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک ایشیائی امن کی تحریک ہے ۔ جموں و کشمیر کے عوام جنوبی ایشیائی خطہ میں آباد ایک ارب تیس کروڑ انسانوں کے بہی خواہ ہیں ہم تخریب نہیں تعمیر امن چاہتے ہیں ہم ممالک کے مابین عناد نہیں ، اعتماد چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کا وعدہ کر رکھا ہے یہ وعدہ ان تاریخی قراردادوں میں عنوان اول ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہند و پاک نے منظور کر رکھا ہے ۔

دنیا بھر کے ممالک نے اقوام متحدہ کے ادارے کے ارکان کی حیثیت سے ان قراردادوں پر دستخط کر رکھے ہیں ۔ یہ قراردادیں اب ایک بین الاقوامی معاہدہ کی حیثیت رکھتی ہیں اس لیے میں با ر بار دھراتا رہتا ہوں کہ کشمیریوں کی جد وجہد کو کسی ملک کے خلاف نہیں سمجھنا چاہیے۔ ہماری جد وجہد کی بنیاد اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں ۔کشمیری عوام کی برس ہا برس سے جاری آزادی کی تحریک اور حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دیتے چلے آ رہے ہیں ۔

کشمیری اسلا م کی سربلندی ، پاکستان کی سلامتی ، سا لمیت، استحکام اور تکمیل پاکستان پر پختہ یقین رکھتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا نصب العین واضح ہے جس کے حصول تک ہماری جد وجہد جاری رہے گی ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی امداد سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آزادی کی اس جد وجہدمیں ہم سب ہم قدم ہیں وہ دن زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھی آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہو گا ۔

وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام تحریک آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں ۔کشمیری عوام اسلام کی سربلندی ، پاکستان کی سلامتی ، سا لمیت ، استحکام اور تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے اور کامیابی کے حصول تک یہ جد جہد جاری رہے گی ۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی امداد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے ۔

مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کا موقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے جس میں کوئی ابہام نہیں ہے ۔کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع اور بامقصد مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کیلئے وہی حل قابل قبول ہو گا جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہو گا اور یہی اس کا دیر پا اور پائیدار حل ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :