بیرون ممالک میں بسنے والے کشمیری تارکین وطن ہمارابہت بڑااور قیمتی اثاثہ ہیں ،ْ بیرسٹر سلطان محمود

بھارت زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ قائم نہیں رکھ سکتا، اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے جلد آزادہو کر رہے گا،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر

پیر 29 جنوری 2018 18:57

ہانگ کانگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں بسنے والے کشمیری تارکین وطن ہمارابہت بڑااور قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنی جدوجہد کی ہے۔ آج جو مسئلہ کشمیر عالمی ایوانوں میں زیر بحث ہے اس میں کشمیری تارکین وطن کی کا بڑا اوراہم کردار ہے۔

ہانگ کانگ کے کشمیری بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اٹھائیں۔بھارت اب زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ قائم نہیں رکھ سکتاکیونکہ اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے جلد آزادہو کر رہے گا۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر حکومت کی بے حسی پر اس سے زیادہ کیا کہا جا سکتا ہے کہ یہ غریب عوام کے پیسے سے سرکاری خرچ پر بیرون ملک مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے نام پر جس طرح عیاشیاں کر رہے ان حکمرانوں کی عیاشیوں اور کرتوتوں کی داستانیں اب زبان زد عام ہیں عوام اب انکے کرتوتوں سے واقف ہو چکے ہیں۔

نواز شریف کی دھاندلی کی پیداوار اسمبلی سے بنائی گئی حکومت کا حال سب کے سامنے ہے۔ حکومت آزاد کشمیر بلدیاتی الیکشن سے فرار چاہتی ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی حکومت کو بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے نہیں دے گی۔پی ٹی آئی نے بیرون ملک مقیم تارکین وطن کو ووٹ کا حق دلوانے کے لئے رٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کر رکھی ہے۔ جلد ہی تارکین وطن کو ووٹ کا حق مل جائے گا۔

جس سے بیرون ملک مقیم کشمیری بھی ووٹ دے سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں ہانگ کانگ میں حاجی شبیر کی طر ف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر استقبالیہ سے لا ل دینوں بلوچ،چوہدری الیاس، چوہدری زاہد فاروق،حاجی شبیر، چوہدری اللہ دتہ،ماموں شبیر،قدیر، فیصل لعل،ملک انور، چوہدری شاہد اقبال،چوہدری وقاص، چوہدری اویس، بلال چوہدری اور دیگر بھی موجودتھے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حکمران سرکاری خرچ پر بیرون ملک عیاشیوں میں مصروف ہیں جبکہ میں اپنے محدود ذاتی وسائل سے یورپ، امریکہ،کینیڈا، برطانیہ، مشرق وسطی، مشرق بعید میں ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اپنی آواز دنیا بھر کے ایوانوں میںبلند کر رہا ہوں۔

جبکہ آزاد کشمیر حکومت کے کرتوتوں کی داستانیں اب زبان زد عام ہیں۔انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت بلدیاتی انتخابات سے فرار چاہتی ہے جبکہ پی ٹی آئی کشمیر حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے بھاگنے نہیں دے گی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیری ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔دنیا بھر میں مقیم کشمیری تارکین وطن بالخصوص ہانگ کانگ میں بسنے والے کشمیری مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا اہم اور بھرپور کردار ادا کریں۔ کیونکہ چین ویسے بھی کشمیریوں کے حق خود اردیت کی حمایت کرتا ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت اب زیادہ دیر تک کشمیری عوام کو اپنے توپ و تفنگ سے دبا کر نہیں رکھ سکتا انشا ء اللہ مقبوضہ کشمیر جلدبھارتی تسلط سے آزاد ہو کررہے گا۔