23مارچ کا دن اجتماعی سوچ کا نتیجہ تھا ،راجہ محمد فاروق حیدر خان

مسلمانان ہند نے نظریہ پاکستان کو بنیاد بنا کر حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں جو لازوال جدوجہد کی ،وزیراعظم آزادکشمیر

جمعرات 22 مارچ 2018 17:46

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2018ء) وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ 23مارچ کا دن اجتماعی سوچ کا نتیجہ تھا ،بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی زیر قیادت مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے خواب کو قرار داد پاکستان کی روشنی میں پاکستان کی شکل میں عملی جامہ پہنانے پر مسلمانان ہند کی عظیم جدوجہد کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

مسلمانان ہند نے نظریہ پاکستان کو بنیاد بنا کر حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں جو لازوال جدوجہد کی 23مارچ اس کی بنیاد تھی جسے لوگوں نے ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے ممکن کر دکھایا۔ یوم پاکستان نہ صرف آزاد کشمیر بیرون ملک بسنے والے کشمیری بلکہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام پورے جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جب انہوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ مملکت کے قیام کی بنیاد رکھی،اس سے قبل برصغیر کے مسلمانوں کیلئے کوئی سرزمین نہ تھی جہاں وہ آزادی سے زندگی بسر کر سکیں اور اس سرزمین’’ مملکت خداداد‘‘ کے حصول کی لگن نے انہیں یکجا کر دیا تھا۔

23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج ہی کے دن برصغیرکے مسلمانوں نے اپنی ملی تنظیم سے حضرت قائداعظم محمدعلی جناح ؒکی ولولہ انگیز قیادت و بصیرت افروز رہنمائی میں اقبال پارک لاہور میں آل انڈیا مسلم لیگ کے تاریخ ساز اجتماع میں اپنی حتمی منزل کا تعین کیا تھا۔ قرار داد پاکستان ہمیں اجتماعیت کا درس دیتی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے جسکو کشمیریوں نے اپنے خون سے زندہ رکھا ہواہے ، کشمیری بائی چوائس پاکستانی ہیں اور پاکستان کو اپنی آرزئوں اور امیدوں کا مرکز سمجھتے ہیں ، دنیا میں پاکستان سے زیادہ کوئی کشمیر یوںکاکوئی ہمدرد نہیں۔انشاء اللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور پاکستان کی تکمیل ہو کر رہے گی۔

انہوںنے کہا کہ قرارداد پاکستان کی منظوری کے صرف چار سال بعد بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلم لیگ کے صدر کی حیثیت سے کشمیر کا کامیاب دورہ کیا اور کشمیری مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا سفرآزادی جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ایک تسلسل کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کیلئے بھارتی مظالم کانشانہ بن رہے ہیں کشمیر ی اس وقت تک اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے جب تک وہ مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروا کر پاکستان کے ساتھ پوری ریاست کا الحاق نہیں کر لیتے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ قیام پاکستان سے جموں و کشمیرکے عوام کی جد و جہد کو ایک نئی تحریک اورایک نیا ولولہ ملا ۔ کشمیر اور پاکستان نظریہ ،جغرافیہ ، تاریخی رشتوں ، ثقافت اور مذہب کے اعتبار سے ایک ہی ہیں ۔