بھارت نے جنوبی کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی تمام حدیںپار کر لی ہیں‘حریت رہنماء

بھارتی فورسز کشمیرمیں نہتے شہریوں کے خلاف اس مہلک ہتھیار کا بے دردی سے استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں

بدھ 4 اپریل 2018 20:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت فورم کے چیئرمین اور دیگر حریت رہنمائوں اورتنظیموںنے ایک اور نوجوان گوہر احمد راتھر کے بہیمانہ قتل پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت سے سوال کیاکہ اسکی کشمیریوں کے خون کی پیاس کب بجھے گی ۔

کنگن کا رہائشی گوہر احمد راتھرپیر کو شوپیاں میںبھارتی فورسز کی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا تھا اورگزشتہ سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بساتھا۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے جنوبی کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی تمام حدیںپار کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے ۔حریت رہنمائوں مشتاق الاسلام اورمحمد سلیم زرگر نے اپنے بیانات میں گوہر احمد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز کی طرف سے بلااشتعال طور پر پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر نا کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ ہے ۔

انہوںنے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کشمیر میں نہتے کشمیریوںکے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت سمیت دنیا بھر میں کہیں پر بھی پیلٹس گن استعمال نہیں کی جارہی ہیںکیونکہ مقامی اور بین الاقوامی قوانین میں پیلٹس گن کے استعمال پر پابندی عائد ہے ۔ تاہم بیان میں کہاکہ بھارتی فورسز کشمیرمیں نہتے شہریوں کے خلاف اس مہلک ہتھیار کا بے دردی سے استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن کشمیر نے بھی ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے شوپیاں ہسپتال میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے ۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سہیل نائیک نے ایک بیان میں کہاہے کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کی عمارت میں فورسز کی فائرنگ انہتائی شرمناک واقعہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :