قائدین کی نا اہلی عوام کی محبت کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، الیکشن میں انہیں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑیگا‘پرویز ملک

نام نہاد تبدیلی کے دعویدار بے نقاب ہوچکے ، عوام منفی سیاست کرنیوالوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کردینگے‘عمران نذیرکا کارکنوں سے خطاب

بدھ 18 اپریل 2018 19:22

قائدین کی نا اہلی عوام کی محبت کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، الیکشن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر برائے تجارت محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری لاہور خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ قائدین کی نا اہلی عوام کی محبت کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی،مخالفین جو کرسکتے ہیں کر گزریں لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد کے ساتھ الیکشن میں انہیں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز لاہور دفتر میں کارکنوں اورعہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن اسمبلی چوہدری شہباز،سید توصیف شاہ،عامر خان، سینیٹرڈاکٹر اسد اشرف،رمضان صدیق بھٹی،رانا جاوید اقبال،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوںنے کہاکہ باشعور عوام نے ہمیشہ خدمت کرنے والوں کوآنکھوں پر بیٹھایا ہے، نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں، عوام منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کردیں گے،عوام منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کردیں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب کی ترقی سب کے سامنے ہے، ترقی اورمیگا پراجیکٹس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پہچان بن چکے ہیں۔ معیار اور شفافیت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کا انداز ہے۔ پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں کی یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیر اہیں۔ ملک کو اندھیروں سے نجات دلانے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے سر ہے اور بڑے ترقیاتی اور توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ایک مثال قائم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم دھرنا دینے یا گالیاں دینے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لئے کوشاں ہیں،گالیاں دینے والوں کا انجام شروع ہوچکا بہت جلد مخالفین سیاسی میدان سے بھاگنے والے ہیں،ان کی سیاست بند گلی میں داخل ہو چکی،بہت جلد پاکستان دنیا میں اپنا مقام پیدا کر لیگا،مخالفین کا ساتھ چھوڑ کر لوگ ہمارے ساتھ آ رہے ہیں کیونکہ ہم نے سیاست کو خدمت اور عبادت سمجھا ہے جبکہ مخالفین نے اسے گالی بنادیا ہے۔