بیرسٹر سلطان کی قیادت میں ہزاروں کشمیریوں کا لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے نریندر مودی کی آمد پر احتجاجی مظاہرہ

آج کشمیریوں نے مودی کیخلاف تاریخی مظاہرہ کرکے دنیا کو اس کی اصلیت سے آگاہ کر دیا ہے،کامن ویلتھ مودی کو دہشتگردی سے روکے ورنہ حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، صدرپی ٹی آئی آزاد کشمیر

بدھ 18 اپریل 2018 19:59

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں ہزاروں کشمیریوں کا لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے کامن ویلتھ کانفرنس کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد کے موقع پر مودی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ۔اس موقع پر مظاہرین نے گو مودی گو،مودی کشمیریوں کا قاتل، بھارتی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو، کشمیر کشمیریوں کا ہے، کشمیر کی آن کشمیر کی شان بیرسٹر سلطان بیرسٹر سلطان،ہے حق ہمارا آزادی، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دو جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے اور انھوں نے اسی طرح کے بینرز، پینا فلیکس اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک تھی۔

(جاری ہے)

اس مظاہرے کی خصوصیت یہ تھی کے اس موقع پر مظاہرین نے صرف آزاد کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماء بھی شریک تھے۔اس مظاہرے میں امریکہ، برطانیہ سمیت یورپ کے ہر شہر سے لوگ اس مظاہرے میں شرکت کے لئے آئے تھے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ود بھی گذشتہ ایک ہفتے سے میں مظاہرے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے برطانیہ میں موجودتھے۔

اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء سے پر جوش انداز میں خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج یہاں کشمیریوں نے مودی کے خلاف تاریخی مظاہرہ کرکے دنیا کو مودی کی اصلیت سے آگاہ کر دیا ہے۔ مودی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہو رہا ہے اور بھارت میں بھی اقلیتوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ لہٰذا برطانیہ بالخصوص کامن ویلتھ مودی کو دہشتگردی سے روکے ورنہ حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اب تہیہ کر لیا ہے کہ وہ آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔کیونکہ کشمیری مقبوضہ کشمیر میں آئے روزاپنی عصمتوں اورجانوں کا نذرانہ دے کر تحریک آزادی کو اپنے خون سے سینچ رہے ہیں۔ میں آج یہاں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہاء نہیں بلکہ پوری دنیا میں مقیم کشمیری انکی جدوجہد میں انکے شانہ بہ شانہ ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج میری کال پر یہاں لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے اتنے بڑے مظاہرے میں کشمیریوںکی شرکت نے ٹرائفلگر اسکوائر میں ہونے والے ملین مارچ کی یاد تازہ کر دی ہے۔ میں کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ میں ڈیڑھ کروڑکشمیری عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا کے ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آواز بلند کرتارہوںگا اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑوں گا۔انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔