راولپنڈی،خطہ پوٹھوہار کو زیتون کی وادی قراردینے کے بعدسال 2020تک زیتون کے 20لاکھ پودے مفت تقسیم کئے جائیں گے،غلام اکبر

بدھ 18 اپریل 2018 22:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) ڈائریکٹر محکمہ زراعت غلام اکبرنے کہا ہے کہ خطہ پوٹھوہار کو زیتون کی وادی قراردینے کے بعدسال 2020تک زیتون کے 20لاکھ پودے مفت تقسیم کئے جائیں گے اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آرٹس کونسل میں منعقدہ توریب کے دوران کیا انہون نے کہا کہ گزشتہ 2 سال میں کسان پیکج کے تحت خطہ پوٹھوہار میں زراعت میں انقلابی اقدامات کئے گئے ہیںجن کے تحت 102 منی ڈیمز، پانی محفوظ کرنے کی174 تالاب،39 واٹر ٹینک، 192 سپل ویز،198 آئوٹ لیٹس اور 29 بند بنائے گئے ان تمام سکیموں پر 80% سبسڈی دی گئی ہے کاشتکاروں کو ناہموار زمین قابل کاشت بنا کر دی گئی جس سے ان علاقوں میں روزگار کے مواقع پیداہوئے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ پوٹھوہار میں جدید زراعت کو فروغ دینے کے لئے تحقیق کر رہا ہے،خطہ پوٹھوہار کو زیتون کی وادی قرار دینے کے بعد 5 سالہ منصوبے کے تحت کاشتکاروں کو مفت پودے فراہم کئے گئے سال 2020 تک مزید 20 لاکھ زیتون کے پودے مفت تقسیم کئے جائیں گے، زیتون کی کاشت سے پاکستان نہ صرف خوردنی تیل میں خودکفیل ہو گا بلکہ اربوں روپے کی بچت بھی ہوگی، پہلی مرتبہ ساڑھے 12 ایکڑ اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے،حکومت پنجاب زراعت کے شعبے میں ترقی اور کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے، کاشتکاروں کو جدید طریقوں تک رسائی کے لئے سمارٹ فون فراہم کرنے کے علاوہ کاشتکاروں کو سولر سسٹم فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ ٹنل فارمنگ کے فروغ کے لئے بھی کام کیا جا رہا ہے۔