اسلام اقلیتوں سمیت تمام انسانی طبقات کے حقوق کا محافظ ہے، اسلام نے اقلیتوں کو اپنی عبادات اور رسوم و رواج میں مکمل آزادی دی ہے، سینیٹر مشتاق احمد خان

بدھ 18 اپریل 2018 22:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں سمیت تمام انسانی طبقات کے حقوق کا محافظ ہے۔ اسلام نے اقلیتوں کو اپنی عبادات اور رسوم و رواج میں مکمل آزادی دی ہے، جماعت اسلامی اقلیتوں کے حقوق کی محافظ اور تمام محروم طبقات کے حقوق کے حصول کی جدوجہد کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اقلیتی ونگ کے صدر سابق ایم این اے پرویز مسیح، جنرل سیکرٹری جاوید گل، سینئر نائب صدر شیام بابو، نائب صدر سری چند اور دیگر ذمہ داران شریک تھے۔ اقلیتی ونگ کے ذمہ داران نے مشتاق احمد خان کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

سینیٹر مشتاق احمد خان نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام کسی بھی قسم کے استحصال کی اجازت نہیں دیتا ، نبی کریم ﷺ کی زندگی میں تمام غیر مسلم معاشروں کے ساتھ اہل اسلام کے مستحکم تعلقات کا ثبوت موجود ہے، آپ ﷺ نے اسلامی قوانین کے تحت غیر مسلموں سمیت تمام انسانی معاشروں کو امن اور ترقی کی ٹھوس ضمانت دی ہے۔ نبی کریم ﷺ غیر مسلم طبقات کو بھی اپنے شانہ بشانہ لے کر چلے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو پاکستان میں تمام حقوق حاصل ہیں، جہاں ان کو مشکلات اور مسائل ہیں وہاں ان کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ اقلیتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اقلیتوں کے حقوق کے لئے جو ممکن ہوا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبائی وزیر برائے مذہبی امور حبیب الرحمان مذہبی اقلیتوں کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ صوبے بھر میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تعمیر و مرمت کے لئے خصوصی فنڈز جاری کئے ہیں۔

انہوں نے کہا جماعت اسلامی اقلیتی برادری کو پاکستانی برادری تصورکرتی ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ اور انہیں آئین و قانون میں دیے گئے حقوق کے حصول کے لیے ان کا ہر فورم پر ساتھ دیں گے۔ مسیحی برادری کی ملک و قوم کے لیے مشنری خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقلیتوں کو ساتھ لے کر چلے گی، اقلیتی برادری پاکستان کے ساتھ مخلص اور وفادار ہے، ان کے حقوق کا تحفظ ہماری دینی و قومی ذمہ داری ہے۔