قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے ازبکستان کے وفد کی ملاقات

علاقائی سلامتی اور رابطہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال

جمعرات 19 اپریل 2018 00:00

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے ازبکستان کے ایک وفد نے سیکرٹری سیکورٹی کونسل وی محمدوف کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور علاقائی رابطہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر قومی سلامتی نے وفد کو علاقائی اور عالمی سیکورٹی کی صورتحال بارے تفصیلی پریذنٹیشن دی۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت اور پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کیلئے مشترکہ چیلنجز اور مواقع کے ساتھ ساتھ افغانستان میں امن و استحکام لانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے اہم ہے۔

(جاری ہے)

ناصر خان جنجوعہ نے ازبکستان کے صدر کی جانب سے تاشقند کانفرنس میں کئے گئے اقدامات کو سراہا جو افغانستان میں امن و استحکام سے متعلق تھے۔

ازبکستان نے وفد کے سربراہ سے اپنے ملک کی جانب سے افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف اور افغانستان میں امن کیلئے کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :