چائنیز انجینئرز اورانکے ہمراہ کام کرنے والے دیگر افراد سے باہمی روابط کومضبوط بنایاجائے۔کمشنر ملتان بلال احمد بٹ

جمعرات 19 اپریل 2018 01:00

خانیوال۔ 18اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات پر کام کرنے والے چائنیز ماہرین ہمارے بہترین دوست ہیں اس لیے انتظامیہ سمیت دیگر محکموں کے سربراہان کبیروالا میں تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے چائنیز انجینئرز کی معاونت کے لیے اپنا بھرپور قومی کردار ادا کریں تاکہ خوشگوار فضاء میں ہمارے میگا پراجیکٹس تکمیل پا سکیں اور لوگ جلد ان سے استفادہ کر سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نور پور تحصیل کبیروالہ میں چائنیز انجینئرز کے کیمپ میں منعقدہ بریفنگ سیشن سے خطاب کے دوران کیا جو موٹر وے M-4 سیکشن پر تعمیراتی منصوبہ پرکام کر رہے ہیں اس موقع پر آر پی او محمد ادریس احمد ، ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال ، ایس ایس پی (ایس پی یو) ملتان محمد قیصر ، اے ڈی سی آر منظور خان چانڈیہ، اے سی کبیروالہ طارق حسین بھٹی، ڈی ایس پی سیکیورٹی میڈم طلعت ، ڈی ایس پی نعیم بابر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

آر پی او محمد ادریس احمد نے کہا کہ محکمہ پولیس نے پاکستان میں آنے والے غیر ملکیوں کی جان و مال کے تحفظ کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں اور کبیروالہ میں تعمیراتی منصوبہ پر کام کرنے والے چائنیز انجینئرز اور انکی تمام ٹیم کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ کمشنر ملتان بلال احمد بٹ اور آر پی او محمد ادریس احمد نے انتظامی اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ان چائنیز انجینئرز اور انکے ہمراہ کام کرنے والے دیگر افراد سے باہمی روابط کو مضبوط بنائیں اور ان کے تحفظ سمیت ان سے تمام معاملات میں بھرپور تعاون ، سپورٹ اور انکی ہر معاملہ میں بھرپور مدد کو یقینی بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :