پاک بھارت کشیدگی تیسری عالمگیر جنگ کا باعث بن سکتی ہے، تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں دیرپاامن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، سید علی گیلانی

جمعرات 19 اپریل 2018 11:28

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں دیر پاامن وترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو حل نہ کیا گیاتو خطے کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی تیسری عالمگیر جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی برطانیہ آمد کے موقع پر لندن میں کشمیریوں کے ایک احتجاجی جلسے سے ٹیلیفونک خطاب میں کہا کہ اگر بھارت اپنی ضد اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر زمینی حقائق تسلیم کرلے تو تنازعہ کشمیر کے حل کی حل کی راہ نکل سکتی ہے اور خطے میں بے گناہ انسانوں کے خون کا سلسلہ رک سکتا ہے۔

سید علی گیلانی نے کہاکہ کشمیری ایک امن پسند قوم ہے لیکن بھارت کی وعدہ خلافیوں کے سبب وہ اس کے خلاف تحریک چلانے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے تقسیم ہند کے فارمولے کی دھجیاں اڑاتے ہوئے جموں کشمیر پر اپنی فوجیں اُتاریں اور گزشتہ ستر برس سے اس نے علاقے میں قتل وغارت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کشمیری خواتین کی آبرو ریزی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری بھارت سے اسکا کوئی حصہ چھیننا نہیں چاہے بلکہ اپنی سرزمین پر اس کے غیر قانونی قبضے کو ختم کرانے کیلئے ایک پر امن تحریک چلارہے ہیں جسے طاقت کے بل پر دبانے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز کے انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جد وجہد جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری حاجی غلام نبی سمجھی نے اسلام آباد قصبے میں طلبہ پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن احتجاجی مظاہروں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال بھارتی فورسز کا معمول بن چکا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے اور مقبوضہ وادی میں اس وقت انسانی حقوق کی پاسداری کا کوئی نام و نشان باقی نہیں۔ غلام نبی سمجھی نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب ہوگا۔