تحریک آزادی کے راستے میں ہرقربانی دینے کے لئے تیار ہوں، کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی، مسرت عالم

جمعرات 19 اپریل 2018 11:28

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بندسینئر رہنما مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ بھارت غیر قانونی اور بلا جواز نظر بندیوں سے حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتا اور وہ تحریک آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے ان خیالات کا اظہار جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار کے ساتھ سرینگر کے کوٹھی باغ تھانے میں بات چیت کے دوران کیا۔

مسرت عالم بٹ کو ایک جھوٹے مقدمے میں پیشی کے سلسلے میں جموںخطے کی کوٹ بھلوال جیل سے سرینگر لایا گیا تھا جس کے بعد انہیں واپس کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

شبیر احمد ڈار مسرت عالم بٹ کے ساتھ ملاقات کے لیے کوٹھی باغ تھانے گئے تھے۔مسرت عالم بٹ نے مزید کہا کہ قابض انتظامیہ انہیں جھوٹے مقدمات میں مسلسل نظر بندرکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ متواتر نظر بندی کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کے راستے میں ہرقربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ انہوںنے اتحاد و یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور وہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔ شبیر احمد ڈار نے اس موقع پر مسرت عالم بٹ کے عزم وہمت کو سراہتے ہوئے انکی مسلسل نظر بندی کو محض ایک انتقامی کارروائی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی پسند رہنمائوں کی آواز کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔ شبیر احمد ڈار نے اقوام متحدہ ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واز اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مسرت عالم بٹ اور غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خودارادیت دیتے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔