پی آئی اے کی نجکاری ملازمین کا معاشی قتل ثابت ہوگا،فاروق ستار

پی آئی اے ریفرنڈم کے سلسلے میں کیمپ میں شرکاسے خطاب،نسرین جلیل بھی شریک

جمعرات 19 اپریل 2018 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ محنت کشوں کے حقوق کے حصول کی جنگ ہر فورم پر لڑرہے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری گھاٹے کا سودا ہے، پی آئی اے کی نجکاری ملازمین کا معاشی قتل ثابت ہوگا،محنت کش اپنے حقوق کیلیے میدان عمل میں آچکا ہے،پی آئی اے میں بھی محنت کشوں کا راج ہوگا،ریفرنڈم میں جیت کر کسی کو بھی ملازم دشمن پالیسی نہیں بنانے دیں گے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی آئی اے میں یونیئٹڈ ورکرز یونین اور پیپلز یونٹی کے کیمپ میں شرکا سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لیبر ڈویژن کے انچارج انجینئرکاشف خان،جوائنٹ انچارج راشد علی،پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ بھی موجود تھے،پی آئی اے کے مرکزی دفتر کے قریب لگے کیمپ میں سابق سینیٹر نسرین جلیل بھی پہنچ گئیں،اس موقع پر شرکا جوش وخروش قابل دید تھا،سابق سینیٹر نسرین جلیل نے کہا کہ شرکا کا جوش و خروش دیکھ کر اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ مزدور دشمنوں کو شکست ہوگی،انھوںنے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کسی بھی صورت قبول نہیں کریںگے، لیبر ڈویژن کے انچارج انجینئرکاشف خان نے کہا کہ مخالفین پر شکست کا خوف چھایا ہوا،استحصالی عناصر کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ ملازمین ہی ادارے کی طاقت ہیں،ملازمین سے ادارے کی اہمیت اور ترقی ہوتی ہے،انھوں نے کہا کہ فتح کے لمحات دن قریب ہیں۔