کے الیکٹرک کراچی میں لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار قرار، نیپرا نے جواب طلب کرلیا

کے الیکٹرک کا 180 میگاواٹ کا پلانٹ 5 ماہ سے بند ہے ،ْنیپرا کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ کے الیکٹرک ماہانہ صارفین سے 10 ارب روپے بل لیتی ہے ،ْ سیف اللہ چٹھہ

جمعرات 19 اپریل 2018 18:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیتے ہوئے شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ پر کمپنی سے جواب طلب کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس ہوا جس میں نیپرا حکام نے کمیٹی کو کراچی میں لوڈشیڈنگ پر بریفنگ دی۔

نیپرا حکام نے بتایا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، کے الیکٹرک کو آر ایل این جی لینی چاہیے، حکومت کو سفارش کی ہے کے الیکٹرک کو گیس بھی دیں اور کارروائی بھی کریں، کے الیکٹرک میں 26 فیصد حکومت پاکستان کے شیئر بھی ہیں۔نیپرا حکام کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے سسٹم میں بجلی کی پیداوار 1100 میگاواٹ ہے، 650 میگاواٹ بجلی وفاق سے لی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کو حقیقت میں 600 میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے ،ْکے الیکٹرک کا 180 میگا واٹ کا پلانٹ 5 ماہ سے بند ہے، سارے پلانٹ چلا دیئے جائیں تو 2900 میگا واٹ بجلی بن جائے گی۔

(جاری ہے)

نیپرا حکام نے بتایا کہ سوئی سدرن گیس کے ساتھ 220 ایم ایم سی ایف ڈی کا معاہدہ نہیں صرف بات ہوئی تھی، سوئی سدرن کے الیکٹرک کو 190 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دیتی رہی ہے۔نیپرا ممبر سیف اللہ چٹھہ نے کمیٹی کو بتایا کہ کے الیکٹرک کو ایک سال میں 60 لاکھ تک کاجرمانہ کیاجاچکا ہے، اب نیپرا کے الیکٹرک کو 10 کروڑ تک جرمانہ کرسکتی ہے ،ْ خلاف ورزی پر کے الیکٹرک کے انتظامی معاملات بھی سنبھال سکتی ہے۔

سیف اللہ چٹھہ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک ماہانہ صارفین سے 10 ارب روپے بل لیتی ہے۔نیپرا ممبر کی بریفنگ پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ 10 ارب کے منافع پر60 لاکھ کا جرمانہ عائد کرنا مذاق ہی ہوا۔دوسری جانب نیپرا نے کراچی میں بجلی کی غیر معمولی لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک سے جواب طلب کرلیا جس میں پوچھا گیا کہ بن قاسم پاور پلانٹ ون کو پوری صلاحیت پر کیوں نہیں چلایا بن قاسم پاور پلانٹ ٹو اور کورنگی پاور پلانٹ کو گیس کے ساتھ ڈیزل پر منتقل کیوں نہیں کیا نیپرا کی جانب سے پوچھا گیا کہ بتایا جائے کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کمپنی کے دعوؤں کے برعکس زیادہ کیوں ہے ۔نیپرا نے کے الیکٹرک سے ان تمام سوالات پر 15 روز میں جواب طلب کیا ہے۔