وفاقی بجٹ میں کالاباغ ڈیم کو کسی صورت بھی نظر انداز نہ کیا جائے ، صدر لاہور چیمبر آف کامرس

جمعرات 19 اپریل 2018 18:30

وفاقی بجٹ میں کالاباغ ڈیم کو کسی صورت بھی نظر انداز نہ کیا جائے ، صدر ..
لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں کالاباغ ڈیم کو کسی صورت بھی نظر انداز نہ کیا جائے ، کالاباغ ڈیم سے 3600میگاواٹ بجلی صرف 2.50روپے فی یونٹ کی قیمت پر پیدا ہوگی۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کی مخالفت کرنے والوں کو زمینی حقائق کا کوئی ادراک نہیں ہے، ایک زرعی ملک کے لیے کالاباغ ڈیم جیسا پانی و بجلی کا عظیم منصوبہ نقصان دہ کس طرح ہوسکتا ہے۔

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ ایک ملین ایکڑ فٹ پانی معیشت کو سالانہ دو ارب ڈالر کا فائدہ دیتا ہے، ہر سال 35ملین ایکڑ فٹ سے زائد پانی ضائع ہونے کی وجہ سے ملک کو سالانہ 70ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ کالاباغ ڈیم صرف پانی کے ذخیرے کا نام نہیں بلکہ یہ ملک کو تباہ کن سیلابوں اور قحط سے بچانے اور وسیع پیمانے پر بجلی پیدا کرنے والا عظیم الشان منصوبہ ہے جسے سرد خانے میں ڈالنا آئندہ نسلوں کے ساتھ شدید ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم سندھ طاس معاہدے کے فوری بعد بننا چاہیے تھا کیونکہ راوی اور ستلج سے محروم ہونے کے بعد یہ ناگزیر تھا، ان دریائوں کے علاقے میں آبپاشی کے لیے ٹیوب ویل لگانے کیو جہ سے وہاں پانی کی سطح 80فٹ سے نیچے جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم چھ ملین ایکڑ فٹ پانی سٹور کرکے معیشت کو سالانہ 12ارب ڈالر کا فائدہ دے گا، اگرچہ بھاشا اور دوسرے ڈیم بھی بننے چاہئیں لیکن یہ کالاباغ ڈیم کا متبادل نہیں، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے اکثر علاقوں کو تکنیکی طور پر صرف کالاباغ ڈیم کے دریعے پانی فراہم کیا جاسکتا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ کالاباغ ڈیم سے 3600میگاواٹ بجلی صرف 2.50روپے فی یونٹ کی قیمت پر پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم تھرپارکر میں خشک سالی کی وجہ سے اموات جیسے سانحات کو روکے گا اور سندھ کو 2.6ملین ایکڑ فٹ اضافی پانی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں کالاباغ ڈیم کے لیے فنڈز مختص کرکے حکومت پاکستان کو بنجر بنانے کی گھنائونی سازشوں کا خاتمہ کرے۔