کراچی، صحافی کالونی میں آبادی کے لیے انفراسٹرکچر،سڑکوں کی تعمیر،پانی اور سیوریج لائنوں کی فراہمی انتہائی ضروری ہے، وسیم اختر

منتخب بلدیاتی قیادت صحافی برادری کے ساتھ ہے،پریس کلب انیکسی کے لیے کے ایم سی مدد فراہم کرے گی،میئر کراچی کی صحافی کالونی ہاکس بے کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 19 اپریل 2018 21:03

کراچی، صحافی کالونی میں آبادی کے لیے انفراسٹرکچر،سڑکوں کی تعمیر،پانی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ صحافی کالونی ہاکس بے کی ترقی کے لیے منتخب بلدیاتی قیادت صحافی برادری کے ساتھ ہے‘ صحافی کالونی میں آبادی کے لیے انفراسٹرکچر،سڑکوں کی تعمیر،پانی اور سیوریج لائنوں کی فراہمی انتہائی ضروری ہے،لیز کے لیے بورڈ آف ریونیو سے بات کی جائے گی‘ صحافی کالونی ہاکس میں پریس کلب انیکسی کے لیے کے ایم سی مدد فراہم کرے گی،کے ایم سی سے جو بھی مدد ہوئی فراہم کی جائے گی، صحافی ہمارے معاشرے کا باعزت اور حساس طبقہ ہے ،ان کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے‘ یہ بات انہوں نے جمعرات کی صبح صحافی کالونی ہاکس بے کا دورہ کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو انجینئر آغا نفیس، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد، کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک‘ نائب صدر منہاج الرب‘ جنرل سیکریٹری مقصود احمد یوسفی ‘ جوائنٹ سیکریٹری نعمت خان‘ خازن موسیٰ کلیم‘سابق سیکریٹری خورشید عباسی اور سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، بعدازاں میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 270ایکڑ رقبے پر مشتمل صحافی کالونی کے پلاٹ 22سال قبل الاٹ کیے گئے تھے، پلاٹ کی قیمت کا 20فیصد صحافیوں اور 80فیصد حکومت سندھ کو ادا کرنا ہے، ابتدائی طور پر 10کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کرائے گئے تھے تاہم صحافیوں کو الاٹ کئے گئے ، 1283 پلاٹس پر انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے صحافی اب تک وہاں اپنا مکان بنانے سے محروم ہیں، انفراسٹرکچر کے لیے ایک ارب 22کروڑ روپے کی PC-1بنائی گئی جس پر اب تک عملدرآمد نہیں ہوا،میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی پریس کلب کا جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ہے‘ مختلف ادوار میں صحافی برادری نے حکومتوں کی رہنمائی اور مسائل کی نشاندہی کا فریضہ احسن طریقے سے انجام دیا، آج بھی مظلوم طبقے کی آواز بلند کرنے کے لیے پریس کلب شہر میں واحد جگہ ہے،انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل حل کرنا متعلقہ اداروں کی اہم ذمہ داری ہے لہٰذا صحافی برادری کے رہائشی مسائل سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے مربوط اور جامع حکمت عملی اپنائی جائے، انہوں نے کہا کہ جہاں تک بلدیہ عظمیٰ کراچی کا تعلق ہے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے جو بھی ممکن ہوا ضرور کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مثبت اور تعمیری صحافت کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی اعلیٰ صحافتی اقدار کے حامی اور مدد گار رہیں گے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے صحافی کالونی ہاکس بے میں پلاٹس کی لیز اور انفراسٹرکچر سمیت ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ متوسط اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے صحافی بھی اپنا مکان بنا سکیں، میئر کراچی نے کہا کہ گھر بنانا ہر شخص کا خواب ہوتا ہے اور اس خواب کی تعبیر اور اہل خانہ کو چھت کی فراہمی بنیادی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ وہ کراچی پریس کلب کے عہدیداران و گورننگ باڈی کے ممبران کے ہمراہ اگلے ہفتے بورڈ آف ریونیو ، ایم ڈی واٹر بورڈ، لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔

#