خواتین اور لڑکیوں کو بااختیا ر بنانے اور عورتوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ آسٹریلوی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے،

قائم مقام آسٹریلین ہائی کمشنر ْ آسٹریلوی حکومت کے آئندہ دس سال کی بین الاقوامی ترجیحات میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، ء

جمعرات 19 اپریل 2018 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان میں آسٹریلین سفارتخانے کے قائم مقام ہائی کمشنر بریک بیٹلی نے کہا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کو بااختیا ر بنانے اور عورتوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ آسٹریلوی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے جو آسٹریلوی حکومت کے آئندہ دس سال کی بین الاقوامی ترجیحات میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آسٹریلیا اور کشف فائونڈیشن کے تعاون سے خواتین پر تشدد کے موضوع پر ڈرامہ کے اختتام پر مشترکہ بیان میں کیا۔ اس ڈرامہ کامقصد آسٹریلیا کے تعاون سے کشف فائونڈیشن اور کھوسٹ فلمز کی طرف پیش کردہ ڈرامہ سیریز آخری اسٹیشن کی کامیابی کو سہرانا تھا۔ انہوںنے کہا کہ خواتین کی خود مختاری حاصل کرنے میں سب سے اہم رکاوٹ خواتین کے خلاف تشدد ہے، جو ان کی اقتصادی ترقی پر بہت منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے پاس خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے کئی سالوں پر مشتمل ایک جامع پروگرام ہے، جو پاکستان میں صنفی تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کی مدد کرے گا۔ہم خواتین کے حقوق او ر ان کے سیاست میں کردار کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ سال 2018-20کیلئے اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان اور آسٹریلیا کو انسانی حقوق کیلئے منتخب کیا گیا ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ ملکر تمام شہریو ں مردوخواتین اور لڑکیوں کو انسانی حقوق کی بین الاقوامی سطح پر فراہمی کیلئے کام کرینگے۔

غیرسرکاری تنظیم ’’کشف فائونڈیشن ’’کی ڈائریکٹر روشانے ظفر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں مختلف میڈیا کمپین کے ذریعے ایسے مسائل کو اس وقت تک اجاگر کرتی رہیں گی جب تک کہ وہ مسائل ماضی کا حصہ نہ بن جائیں۔واضع رہے کہ کشف فائونڈیشن کا پہلا خصوصی مائیکرو فنانس ادارہ ہے جس کا مقصد کم آمدنی والے گھرانوں خاص طور پر خواتین کو اعلی معیار کی مالی اور غیر مالیاتی سہولیات فراہم کرنا ہے،تاکہ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے اقتصادی کردار کو بڑھایا جائے۔ ۔۔ شمیم محمود

متعلقہ عنوان :