روٹ پورا نہ کرنے، بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ چلنے والی اوراضا فی سیٹو ں والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید

ایک سے زائد دفعہ خلاف ورزی کرنے پر پبلک سروس گاڑیوں کا روٹ پرمٹ کینسل کر دیا جائے گا ایک دن کی کاروائی میں 505 گاڑیوں کے چالان ، 95 گاڑیاں تھانہ میں بند کی ہیں،خصوصی انٹرویو

جمعرات 19 اپریل 2018 23:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید نے کہا ہے کہ روٹ پورا نہ کرنے، بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ چلنے والی اوراضا فی سیٹو ں والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ایک سے زائد دفعہ خلاف ورزی کرنے پر پبلک سروس گاڑیوں کا روٹ پرمٹ کینسل کر دیا جائے گاایک دن کی کاروائی میں 505 گاڑیوں کے چالان جبکہ 95 گاڑیاں تھانہ میں بند کی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن کو خصوصی انٹرویو میں کیا ۔

چوہدری خالد رشید نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری کے احکامات کے پیش نظر قوانین کے خلاف ورزی کرنے والی پبلک سروس گا ڑ یو ں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

خصوصاً روٹ پورا نہ کرنے والی پبلک سروس گاڑیوں ،زائد کرایہ وصول کرنے ،سواریوں کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آ نے ،خواتین کی نشستوںپر مرد وں کو بٹھانے،بس کی چھت پر شہریوں خصوصاً طلباء کو بٹھانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی ۔

ایس پی ٹریفک نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اکیلے ہی مہم کا آغاز کیا ہے ابھی تک ضلعی انتظامیہ یا اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی مہم کا حصہ نہیں بنے تاہم جلد ہی سیکرٹری آئی ٹی اے سے رابطہ کر کے ان سے بھی مہم میں حصہ لینے کی دعوت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت میں ٹریفک کو کنٹرول رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کو چار زونز میں تقسیم کیا گیا ہے تاہم ٹریفک پولیس کا ایک سپیشل سکواڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر تعینات ر ہے گا اور ٹریفک قوانین کے خلاف ورزری کرنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف کاروائی کر یں گا۔

ایک دن کی کاروائی میں زو ن 1 میں تعینات اسکواڈ نے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 92 گاڑیوں کے چالان کئے ہیں جبکہ 11 گاڑیاں تھانہ جات میں بند کی ہیں ۔اسی طرح زون 2 میں 101 گاڑیوں کے چالان اور 6 گاڑیاں تھانہ میں بند،زون 3 میں 62 گاڑیوں کے چالان اور 15 گاڑیاں بند ،زون 4 میں 126 گاڑیوں کے چالان اور 19 گاڑیاں بند جبکہ اسپیشل اسکوڈ نے 124 گاڑیوں کا چالان کرتے ہوئے 44 گاڑیاں تھانہ جات میں بند کی ہیں ۔

اسی طرح ٹریفک پولیس نے ایک دن میں 505 گاڑیوں کے چالان کرتے ہوئے ٹوٹل 95 گاڑیاں بند کی ہیں ۔ ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید نے کہا کہ ایک سے زائد دفعہ ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے پر گاڑی کا روٹ پرمٹ کینسل کر دیا جائے گا اسی طر ح بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ چلنے والی اوراضا فی سیٹو ں والی گاڑیوں کے خلاف بھی سخت قانونی کاروائی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس خصوصی مہم کی نگرانی وہ خود کر رہے ہیں اور اس کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد کو دی جائے گی۔ ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید نے کہا ہے کہ شہریوں کی جانب سے زائد کرایہ کے متعلق شکایات ٹرانسپورٹرز کو کرایہ نامہ آویزاں کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔۔۔۔۔۔