فیصل رضا عابدی کا توہین عدالت کا کیس خود لڑنے کا اصولی فیصلہ

معافی نہیں مانگوں گا،خود کیس لڑوں گا،پاکستان کی تاریخ کامضبوط کیس لڑکردکھاؤں گا،توہین عدالت کا نوٹس ذاتی عناد ہے،چیف جسٹس سےسوموٹو کا تقاضا توہین عدالت کیسے ہوگئی؟ نجی ٹی وی سےگفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 اپریل 2018 16:10

فیصل رضا عابدی کا توہین عدالت کا کیس خود لڑنے کا اصولی فیصلہ
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل 2018ء) : پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء فیصل رضا عابدی نے توہین عدالت کا کیس خود لڑنے کا اصولی فیصلہ کرلیا،میں خود یہ کیس لڑوں گااور پاکستان کی تاریخ کا مضبوط کیس لڑ کے دکھاؤں گا،یہ توہین عدالت کا نوٹس انصاف نہیں ذاتی عناد ہے، چیف جسٹس سے سوموٹو کاتقاضا کرکے تنقید کی،توہین عدالت کیسے ہوگئی؟ انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ سپریم کورٹ نے 17اپریل کونوٹس جاری کیا۔

کراچی تک 24گھنٹے لگتے ہیں لیکن مجھے آج ہی نوٹس جاری ہوا اور آج ہی مل گیا۔ یا پھر 16کو نوٹس جاری کرتے۔اس کے باوجود عدالت سجائی گئی ، ہمارے لیے تلخ جملے ادا کیے گئے کہ وہ کہاں چلے گئے؟اس میں قواعدو ضوابط کی خلاف کی گئی ہے۔ پولیس کوکہا گیا کہ گرفتار کرکے لے آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں آئینی اور قانونی آدمی ہوں ۔آئینی ماہر ہوں۔میرے پاس ایل ایل بی کی ڈگری نہیں لیکن قانون میں بھی جانتا ہوں۔

میں کسی وکیل سے کم نہیں ہوں۔انہوں نے کہاکہ مجھے نوٹس بھیجیں۔پہلا سمن کرتے تومیں نہیں پہنچوں گا،آپ دوسرا سمن کریں گے۔اس پربھی نہیں پہنچوں گا تواخبار میں تشہیر کریں گے اس پربھی نہیں پہنچو ں گا توگھر پرچسپاں کریں گے۔اس پربھی نہیں جاتا توپولیس کوحکم دیں گے۔فیصل رضا عابدی نے کہا کہ یہ توذاتی عناد نظرآرہی ہے۔اس میں انصاف نظر نہیں آرہا۔

انہوں نے کہاکہ ایک چیف جسٹس اپنے قواعدوضوابط کی کیسے خلاف ورزی کرسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس سے سوموٹو کا تقاضا کرکے ان کوتنقید کا نشانہ بنایا تویہ عدلیہ پرکیسے چلا گیا؟ یہ توان کے اور میرے درمیان معاملہ ہے۔انہوں نے ایک سوال پرکہا کہ عدالت میں دوران سماعت مداخلت کی جائے تووہ توہین عدالت کہلاتی ہے۔ چیف جسٹس عدالت کے ایک رکن ہیں جیسے میں پارلیمنٹ کا ایک رکن تھا۔

میں سینیٹر ہوں اور پاکستان میں ٹیکس ادا کرتا ہوں ،پاکستانی شہری ہوں۔انہوں نے کہا کہ عدالت سے معافی نہیں مانگوں گا۔ میں نے کیس لڑنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ میں خود یہ کیس لڑوں گااور پاکستان کی تاریخ کا سب سے مضبوط آئینی کیس لڑ کے دکھاؤں گا۔فیصل رضا عابدی کا اصول ہے کہ ریاست کے قانون سے ایک انچ آگے جانا ہے اور نہ ہی ریاست نے جومجھے اختیار دیا ہے اس سے ایک انچ پیچھے ہٹنا ہے۔۔ویڈیو بھی دیکھیں