مقبوضہ کشمیر ‘ جموںخطے کے علاقوں میں ہڑتال

جمعہ 20 اپریل 2018 17:37

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں آٹھ سالہ آصفہ کی بے حرمتی اور قتل کے المناک واقعے کیخلاف جموںخطے کے علاقوںبدھرواہ، رام بن اور کشتواڑ میں جمعہ کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال مجلس شوری ٰ کشتواڑ اور انجمن اسلامیہ بدھرواہ نے دی تھی۔ دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔

(جاری ہے)

انجمن اسلامیہ بدھرواہ کے صدر پرویز احمد شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے کٹھوعہ کے المناک واقعے کے مقدمے کی جلد ازجلد سماعت کے لیے پرامن ہڑتال کی کال دی تھی تاکہ مجرموں کو فوری طور پر سزا دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جموں خطے کے ہندو فرقہ عناصر مجرموں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے۔ بہیمانہ واقعے کے خلاف بانیہال، کھیری، رام سو، مکرکوٹ، یک ہیرال میں ہڑتال کے علاوہ احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔