Live Updates

سراج الحق کے بیان سے سینٹ انتخابات پر مزید انگلیاں اٹھیں گی ،زاہد خان

عمران خان کی خاموشی معنی خیز ہے، تحریک انصاف امیر جماعت اسلامی کے بیان کی وضاحت کرے ، سینئر رہنما عوامی نیشنل پارٹی

ہفتہ 21 اپریل 2018 20:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما زاہد خان نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے بیان سے سینٹ انتخابات پر مزید انگلیاں اٹھیں گی ۔ جس پر عمران خان کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ تحریک انصاف اس بیان کے حوالے وضاحت کرے تاکہ لوگوں کے خدشات دور ہوسکیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اے این پی کے سینئر راہنما زاہد خان نے امیر جماعت اسلامی کی جانب سے صادق سنجرانی کو ووٹ دینے سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سراج الحق کے بیان سے نیا پنڈورا باکس کھل گیا ہے تاہم حیرت کی بات ہے کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان اس اہم بیان پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جوکہ معنی خیز ہے سراج الحق کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان بھی مفادات کی سیاست کررہے ہیں۔

اے این پی راہنما زاہد خان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو اس بات پر قوم کو وضاحت دینی چاہیے۔ تاکہ لوگوں کے خدشات دور ہوسکیں ۔ یاد رہے کہ دو روز قبل امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ منتخب کرانے کیلئے اوپر سے حکم آیا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات