عوام نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو کراچی کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے

صدر مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف کا کراچی میں ورکرز کنونشنز سے خطاب

اتوار 22 اپریل 2018 21:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کراچی کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے اور اگر عوام نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو کراچی کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو لیاری اور بلدیہ ٹاؤن میں ورکرز کنونشز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ گورنر سندھ محمد زبیر،مسلم لیگ ( ن ) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ،کھیل داس کوہستانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں عوام ان کے دھوکے میں نہ آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی خستہ حالی دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔

اربوں روپے کا ترقیاتی بجٹ مخصوص افراد کی جیبوں میں چلا جاتا ہے، لوگ پانی کے لئے ترس رہے ہیں، صفائی کا نظام تباہ حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں کراچی آتا ہوں تو پیپلز پارٹی ناراض ہوتی ہے جب میں کے پی کے جاتا ہوں تو پی ٹی آئی ناراض ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے موثر اقدامات کئے جس کے نتیجے میں آج کراچی پر امن ہے اس حوالے سے انہوں نے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کراچی کو ترقی یافتہ شہر دیکھنا چاہتے ہیں تو عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو ترقی یافتہ شہر بنانے کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ، پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے بڑے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حیثیت سے پہلی بار یہاں آیا ہوں ہر طرف گندگی کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں اور یہ صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں امن و امان کی خرابی اور انفرا اسٹرکچر کی عدم فراہمی کی وجہ سے صنعتی ترقی رک گئی جس سے روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہوئے اور آج یہاں نوجوان روزگار کے لئے پریشان ہیں اس حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ لیاری پہنچنے پر پاکستان مسلم لیگ کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔