Live Updates

اے این پی کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، ہارون بشیر بلور

اتوار 22 اپریل 2018 23:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی کے نام نہاد رہنما اے این پی کے خلاف ہرزہ سرائی کرنیوالے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ،پختونوں کے سروں کا سودا اور سانحہ 12مئی پر پختونوں کی جنازوں پر جشن منانے کا سہرا کیو ڈبلیو پی کے سر ہے، بعض اخبارات میں شائع ہونے والے کیو ڈبلیو پی کے ترجمان کی جانب سے خبر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ہارون بشیر بلور نے کہا کہ اے این پی پر الزامات لگانے والوں کا اپنا دامن داغدار ہے اور صوبائی حکومت سے کرپشن کی بنا پر بار بار الگ کئے جانا اس بات کا واضح ثبوت بھی ہے ،پختونوں کے سروں کا سودا کس نے کیا اور کس نے امریکہ کو 400سے زائد پختون ڈالروں کے عوض حوالہ کئے اصل کہانی اب کھل کر سامنے آ چکی ہے اور با شعور عوام اپنے بچوں کے خون کا حساب ضرور لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے دھرتی پر امن کے قیام کیلئی850سے زائد جانوں کے نذرانے پیش کئے تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے، ہارون بلور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اے این پی سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی اور انہی قربانیوں کے نتیجے میں امن قائم ہوا، اے این پی پر جھوٹے الزامات لگانے سے حقائق چھپائے نہیں جا سکتے ۔

دریں اثناء ہارون بشیر بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی صوبے میں کلین سویپ کا خواب دیکھنا چھوڑ دے عوام اب با شعور ہو چکے ہیں اور اب وہ مزید تبدیلی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے ، انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنما کے بیان میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو پختونخوا سے کلین سویپ کا نہیں بلکہ شکست کا تحفہ ملے گا، اور آئندہ الیکشن میں صوبے کے عوام ثابت کردیں گے کہ انہیں نام نہاد تبدیلی کی نہیں بلکہ اپنے حقوق کے تحفظ کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں این اے ون کی سیٹ90ہزار کی برتری سے پی ٹی آئی کو ملی تاہم دو ماہ کے اندر اے این پی نے اپنی وہ سیٹ واپس حاصل کر لی۔

جس طرح بی آر ٹی کی صورت میں پشاور کے شہریوں کو پھیپھڑوں اور سانس کی بیماریاں دی جا رہی ہیں ان پر قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات