آزادکشمیر پنشنزر ایسو سی ایشن نے وزیراعظم پاکستان شاہدخاقا ن عباسی،وزیر مملکت خزانہ رانا محمد افضل خان اور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل مشیر خزانہ پاکستان سے پنشنرز کے لیے تاریخی بجٹ کا اعلان کرنے کی اپیل

منگل 24 اپریل 2018 15:01

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) آزادکشمیر پنشنزر ایسو سی ایشن (رجسٹرڈ) کے صدر راجا اخترحسین خان اور جنرل سیکرٹری راجا محمد ممتاز خان نے شاہدخاقا ن عباسی وزیراعظم پاکستان رانا محمد افضل خان وزیر مملکت خزانہ حکومت پاکستان اور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل مشیر خزانہ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ پنشنرز کو قیام پاکستان سے آج تک کے 71سالہ دورمیں جائز حق نہیں دیا ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ انتخابات میں حصہ لینے جا رہی ہے لہذا پنشنرز کے لیے تاریخی بجٹ کا اعلان کر کے ایسا مالی پیکج دے جو پنشنرز کی کفالت کرے ۔انہوں نے بتایا کہ سب سے کم پنشن فیملی پنشنرز کو 6000/-کا 75فیصد دے کر صرف4,500/-روپے ماہانہ یعنی صرف 150روپے روزانہ دیے جاتے ہیں ۔اس طبقہ میں زیادہ تر بیوگان ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم درخواست کرتے ہیں کہ رانا محمد افضل خان اور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل 150/-روپے یومیہ حاصل کر نے پر مجبور بیوگان کے لئے ایسا اقدام کریں کہ کم از کم 5افراد کے خاندان کی کفالت کرسکیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتوں نے ایک عام مزدور کی ماہانہ اجرت 15000/-ہزار روپے مقرر کر رکھی ہے فیملی پنشنرز کو 15000/-ہزار روپے ماہانہ دیکر کم از کم پنشن کی شرح مقرر کی جائے ۔تا کہ کسی حد تک اس طبقہ کو سہولے میسر ہو۔