حضرت پیرا شاہ غازیؒ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پرزائرین کی فول پروف سیکیورٹی ،تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ،ْسید نظیر گیلانی

بدھ 25 اپریل 2018 14:41

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) حضرت پیرا شاہ غازی(رحمة اللہ علیہ )کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پرزائرین کی فول پروف سیکیورٹی اور انہیں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ حضرت پیراشاہ غازی کے سالانہ عرس مبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہونے والے اجلاس کے دوران سید نظیر الحسن گیلانی ، سیکرٹری مذہبی امورو اوقاف نے ہدایت کی ہے کہ مقامی انتظامیہ کے تعاون سے عرس مبارک کے دوران ملک کے طول وارض اور بیرون ملک سے عرس کی تقریبات میں شرکت کرنے والے زائرین کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے اور محکمہ اوقاف کی جانب سے زائرین کی سہولت اور آسانی کے لئے جملہ ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ عرس مبار ک میں حاضری کی سعادت حاصل کرنے والوں کی سیکیورٹی کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد میں اضافہ کیاجارہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس دوران واک تھرو گیٹس نصب کروائے جائیں گے اورمقامی انتظامیہ کے تعاون سے زائرین کوفول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے دیگر تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ صحت عامہ کے تعاون سے موبائل ڈسپنسری کا انتظام کیاجارہا ہے۔

محکمہ برقیات کے تعاون سے بجلی کی مسلسل اور غیرمنقطع فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ وافر مقدار میں لنگر و ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایاگیا ہے اور موسمی شدت کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی مناسب اقدامات کئے جارہے ہیں۔سیکرٹری اوقاف نے ہدایات کی کہ عرس کے دوران ملازمین کی ہرطرح کی رخصت پر پابندی عائد کی جائے اور میرپورڈویژن کے دیگردربار ہاء سے بھی ضروری عملہ کی خدمات حاصل کی جائیں۔

اجلاس میں حافظ محمدابراہیم عزیز ناظم اعلیٰ اوقاف ، مقصود حسین عباسی ڈویژنل ڈائریکٹراوقاف میرپوراور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ حضرت پیرا شاہ غازی المعروف دمڑی والی سرکار(رحمة اللہ علیہ )کے سالانہ عرس مبارک کی افتتاحی تقریب نماز مغرب کے بعد مزار شریف کے غسل اورچادر پوشی سے ہوگی۔ تقریب کے مہمان خصوصی راجہ محمدفاروق حیدر خان ، وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموںوکشمیر ہوںگے۔

اسی رات نمازعشاء کے بعد دربار کے احاطہ میں محفل سماع منعقد کی جائے گی ۔ جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال شیرعلی،مہرعلی وہمنوا(تمغہ حسن کارکردگی) قوالی پیش کریں گے۔ عرس مبارک کی اختتامی دعائیہ تقریب دربار سے ملحق جامع مسجد میں منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی راجہ محمدعبدالقیوم خان وزیراوقاف و مذہبی امور ہوںگے۔