پی ایس ڈی پی کے تحت داخلہ ڈویژن کی جاری اور نئی سکیموں کیلئے 24 ارب 20 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص

جمعہ 27 اپریل 2018 18:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) آئندہ مالی سال 2018-19ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں داخلہ ڈویژن کی جاری اور نئی سکیموں کیلئے 24 ارب 20 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جاری کئے جانے والے پی ایس ڈی پی 2018-19ء کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان (شمالی) کی استعدادکار بڑھانے کیلئے 60 کروڑ روپے، فرنٹیئر کور بلوچستان (جنوبی) کی استعدادکار بڑھانے کیلئے 80 کروڑ روپے، چترال، اپر دیر، انگور اڈہ جنوبی وزیرستان کیلئے 61 کروڑ 67 لاکھ روپے، اورکزئی ایجنسی اور کرم ایجنسی میں سکیورٹی ملازمین کی رہائشگاہوں کیلئے 35 کروڑ روپے، کراچی میں بھٹائی رینجرز کے رہائشی منصوبوں کی تعمیر کیلئے 45 کروڑ روپے، ڈی آئی خان میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا ہیڈکوارٹر اور رہائشی منصوبوں کی تعمیر کیلئے 60 کروڑ روپے، چلاس میں 114 ونگ اور جی بی سکاؤٹس کے رہائشی منصوبوں کیلئے 37 کروڑ روپے، ایچ16- میں ماڈل جیل کی تعمیر کیلئے 70 کروڑ روپے، اسلام آباد میں ماڈل پولیس سٹیشن کے قیام کیلئے 56 کروڑ 91 لاکھ روپے اور نئی سکیموں میں اسلام آباد میں پلے گراؤنڈز کی تزئین و آرائش کیلئے 15 کروڑ روپے، ایف آئی اے کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 15 کروڑ روپے، سی پیک کے تحت ففتھ پاکستان کوسٹ گارڈ بٹالین کیلئے 25 کروڑ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔