Live Updates

عمران خان کے 11نکات مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور کا چربہ ہے‘پنجاب حکومت

یکساں نظام تعلیم کا نعرہ لگانے والے کم از کم خیبرپختونخوا میں ایک نظام تعلیم رائج کرکے دکھاتے‘ملک احمد خان عمران خان نے ڈیڑھ گھنٹہ خطاب میں الف لیلوی داستانیں سنائیں، نقل کیلئے عقل کی ضرورت ہوتی ہے‘زعیم حسین قادری

پیر 30 اپریل 2018 21:03

عمران خان کے 11نکات مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور کا چربہ ہے‘پنجاب حکومت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے نام نہاد 11نکات مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ انتخابی منشور کا چربہ ہے، ’’ ایک پاکستان‘‘ اور یکساں نظام تعلیم کا نعرہ لگانے والے کم از کم خیبرپختونخوا میں ایک نظام تعلیم رائج کرکے دکھاتے۔ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید زعیم حسین قادری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر ایک ناقابل فہم ایجنڈے کے اعلان کیلئے اتنا پیسہ کہاں سے آیا ۔

لاہور نے حسب روایت پی ٹی آئی کو پذیرائی نہیں بخشی اور یہ شہر آج بھی مسلم لیگ(ن) کا قلعہ ہے اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے معاملات پر پنجاب حکومت کو ہدف تنقید بنانے والے ’خپل خان‘ نے خیبرپختونخوا میں شعبہ تعلیم میں صرف 23فیصد اہداف حاصل کئے ، 67فیصد امورکو صوبائی حکومت نے سرے سے ہاتھ ہی نہیں لگایا۔

(جاری ہے)

ایک سال کے دوران خیبرپختونخوا کے سکولوں میں صرف 53ہزار جبکہ پنجاب میں 3لاکھ نئی انرولمنٹ جھوٹ کا پردہ فاش کرنے کیلئے کافی ہے۔

اب بھی خیبرپختونخوا میں ڈھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے۔ انصاف کے نام پر سیاست چمکانے والوں نے اربوں روپے کی لاگت سے گریٹر اقبال پارک جیسے تاریخی اور مقدس مقام کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ جلسے کے بعد یہی پارک پی ٹی آئی کے ’نئے پاکستان‘ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ملک احمد خان نے عمران خان کے مینار پاکستان پر خطاب کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے قیام کیلئے چندہ مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ سیاست سے دور رہیں گے لیکن وہ اس وعدے پر قائم نہ رہے۔

بہتر ہوتا کہ وہ کارکنوں کو یہ بھی بتاتے شوکت خانم ہسپتال کیلئے اراضی اس وقت کے وزیراعلیٰ نواز شریف نے دی تھی۔ پنجاب میں 22ہزار نئے سکول، 35ہزار نئے کلاس رومز اورپی کے ایل آئی سمیت 6 نئے ٹیچنگ ہسپتال وزیراعلیٰ شہباز شریف کی عوام دوستی کا واضح ثبوت ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے ویژن کا کوئی موازنہ ہی نہیں بنتا۔

پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ پنجاب کا 43فیصد بجٹ تعلیم اور صحت پر خرچ ہورہا ہے۔ 57برسوں میں مختلف حکومتوں کے دوران 16ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نی4سال کے دوران16ہزار میگاواٹ بجلی کے نئے منصوبے لگائے۔ ان میں سے 6ہزار پنجاب حکومت کے منصوبے ہیں۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا حکومت کو ایک میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔ عمران خان نے ڈیڑھ گھنٹے کے خطاب میں صرف الف لیلوی داستانیں سنائیں۔ نقل کیلئے عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔ کیا ہی بہتر ہوتا کہ 2013کے انتخابات میں کامیابی کے بعد آپ نواز شریف کا منشور اپنا لیتے۔ پشاور اور دیگر شہروں کو محفوظ بنانے کیلئے آپ نے کچھ نہیں کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات