ناچ گانے کے ذریعے ملک میں تبدیلی نہیں لائی جاسکتی ہے،امیر مولانا نوراللہ

نیا پاکستان نظام مصطفیؐ کے نفاذ سے ہی بنے گا،نائب امیر جے یو آئی بلوچستان

پیر 30 اپریل 2018 21:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل بلوچستان کے صوبائی صدر وجمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر مولانا نوراللہ نے کہا ہے کہ ناچ گانے کے ذریعے ملک میں تبدیلی نہیں لائی جاسکتی ہے ،نیا پاکستان نظام مصطفی کے نفاذ سے ہی بنے گا، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں دینی جماعتوں کی قیادت بلوچستان کے عوام کی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے 2018کے عام انتخابات میں بھرپور تیاری،ٹیم ورک اور نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتر کر سیکولر ونام نہاد قوم پرستوں کا مقابلہ کریگی یہ بات انہوں نے پیر کو صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،مولانا نوراللہ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی فعالیت سے صوبے کی سیاست کا رخ بدلے گا،2مئی کو اسلام آباد میں ایم ایم اے کے ورکرز کنونشن کے بعد بلوچستان کے تمام اضلاع میں متحدہ مجلس عمل کی تنظیم نو کرنے اور ووٹرز کو منظم کرنے کے لیے بھر پور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا،،مولانا نوراللہ نے کہا کہ دینی جماعتوں نے اسلام اور وطن عزیز کے خلاف ہونے والے سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحدہ مجلس عمل کے لیے پلیٹ فارم سے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے ،ایم ایم اے گروہی ،نسلی ،عصبیت اور تعصب وقوم پرستی کا خاتمہ کرکے بلوچستان میں اسلامی نظام کا نفاذ کریگی ،انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کو درپیش چیلنچز کا مقابلہ کرنے ،آئین کی اسلامی دفعات میں تبدیلی اور ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کرنے جیسے سنگین حالات میں دینی جماعتوں کا اتحاد نیگ شگون ہے ۔

(جاری ہے)

صدر متحدہ مجلس عمل مولانانوراللہ نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں دینی جماعتوں کی قیادت بلوچستان کے عوام کی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے 2018کے عام انتخابات میں بھرپور تیاری،ٹیم ورک اور نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتر کر سیکولر ونام نہاد قوم پرستوں کا مقابلہ کریگی۔