ممتاز کالم نویس آغا شہاب الدین کی 7 ویں برسی کے موقع پر کتاب " سندھ جی سیاست" کی تقریب رونمائی

پیر 30 اپریل 2018 22:55

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) سندھ کے مشہور کالم نویس آغا شہاب الدین کی 7 ویں برسی کے موقع پر آغا شہاب الدین فاؤنڈیشن کی جانب سے ان کی تحریر کردہ کتاب " سندھ جی سیاست" کی رونمائی کی تقریب حیدرآباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی ڈاکٹر فتح محمد برفت ، وائس چانسلر لیاقت یونیورسٹی ڈاکٹر بیکھا رام، ڈائریکٹر آئی بی اے سکھر نثار احمد صدیقی ، پروفیسر اعجاز قریشی ، جامی چانڈیو ، کلپنا دیوی اور سیاسی اور سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغا شہاب الدین بڑی قدآور شخصیت کے مالک تھے انہوں نے قلم کے ذریعے سندھ کے مسائل کو موثر طریقے سے پیش کیا، آغا صاحب ایک دلیر اور سندھ سے محبت کرنے والے انسان تھے اور وہ کبھی بھی کسی بڑے سیاستدان یا آمر کے خلاف سچ لکھنے میں نہیںگھبرائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ سندھ کے حقوق کی بات کی ہے اور سندھ کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

پروفیسر اعجاز قریشی نے کہا کہ آغا شہاب الدین ایک کالم نویس کے ساتھ ساتھ سماجی کاموں میں بھی حصہ لیتے تھے ۔ انہوں نے آغا تاج محمد کے نام سے ایک اکیڈمی قائم کی جس کے تحت حیدرآباد میں متعدد اسکول قائم کر کے تعلیم کے فروغ کے لیے کام کیا۔ پرنسپل امسا ڈاکٹر شفیق موسوی نے کہا کہ آغا شہاب الدین نے اس کتاب میں ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر سیاستدانوں کے مابین ہونے والے 1970 کے انتخابات میں سندھ کے ووٹ بنک اور سیاست پر ایک تفصیلی مطالعہ پیش کیا ہے جو کہ دور حاضر میں پڑھنے والوں کے لیے رہنمائی ثابت ہو گی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلپنا دیوی نے کہا کہ ہم سب سندھ کے مسائل کے ذمہ دار ہیں، اس لیے ہم سب نے مل کر ہی ان مسائل کا حل تلاش کرنا ہیں۔ تقریب کے آخر میں آغا شہاب الدین فاؤنڈیشن کی جانب سے سندھ کی خدمت کرنے پر مختلف شخصیات میں لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ تقسیم کیے گئے، تعلیم کے میدان میں خدمات پر ڈائریکٹر آئی بی اے سکھرنثار احمد صدیقی ، ادبی خدمات پر مہتاب محبوب ، ولی رام ولب ، آپا قمر واحد ، سوبھو گیا چندانی اور اکبر سومرو اور صحت کے شعبے میں خدمات پر ڈاکٹر ہادی بخش جتوئی کو لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ دیے گئے۔