ستر سال سے استحصالی نظام نے تعلیم ، صحت ، زراعت ، مزدور و صنعت کو تباہی دی ہے ‘لیاقت بلوچ

کرپشن اور کرپٹ مافیا استحصالی نظام کا سرپرست ہے ،عوامی طاقت سے استحصالی نظام کا خاتمہ کرینگے ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

پیر 30 اپریل 2018 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ آزمائے ہوئے سیاسی دھڑے قومی سیاست اور جمہوریت پر ناجائز بوجھ ہیں ، متحدہ مجلس عمل اور اسلامی قیادت ہی ملک و ملت کو بحرانوں سے نکالے گی اور عوام خوشحال ہوں گے ۔ این اے 130 میں ماڈل ٹائون ، شاہ کمال ، علامہ اقبال ٹائون ، گلبرگ میں ورکرز کنونشن اور متحدہ مجلس عمل کی مقامی قیادت کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ ستر سال سے استحصالی نظام نے تعلیم ، صحت ، زراعت ، مزدور و صنعت کو تباہی دی ہے ۔

کرپشن اور کرپٹ مافیا استحصالی نظام کا سرپرست ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوامی طاقت سے استحصالی نظام کا خاتمہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

2 مئی کو اسلام آباد میں قومی ورکرز کنونشن متحدہ مجلس عمل کی ملک گیر رابطہ عوام مہم کا بھر پور نقطہ آغاز ہوگا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پنجاب کے عوام اسلامی نظام کی تمنا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ عشق رکھتے ہیں ۔

دینی قوتیں متحد ہو کر جدوجہد کریں تو پنجاب جاگیرداری ، سرمایہ داری ، مفاد پرستی اور سیاسی بے وفائی کے داغ سے نجات پاسکتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ قومی بجٹ نے غریب عوام کے لیے زندگی اور بھی دشوار بنادی ہے ۔ وفاقی حکومت کا چھٹا بجٹ بھی ناکام معاشی پالیسی کا شاخسانہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل پر قوم اعتماد کرے گی ۔ ا ن شاء اللہ سود کا خاتمہ اور کرپشن سے پاک صاف ستھرا معاشی نظام دیں گے ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ یکم مئی کو علامہ اقبال ٹائون میں دیہاڑی دار محنت کشوں کے ساتھ ناشتہ کی نشست پر مزدوروں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے ۔