کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل 2018ء ، سندھ ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹیننس آف انفراسٹرکچر سیس ترمیمی بل2017 کی سندھ اسمبلی سے منظوری

پیر 30 اپریل 2018 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) سندھ اسمبلی نے پیر کو اپنے اجلاس کے دوران کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل 2018ء ، سندھ ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹیننس آف انفراسٹرکچر سیس ترمیمی بل2017ء اور سندھ لینڈ ٹیکس اینڈ ایگریکلچر اِنکم سیس کی متفقہ طور پر منظور ی دیدی۔ ایوان کی کارروائی کے دوران یہ تینوں بل وزیر قانون ضیاالحسن لنجار نے پیش کئے تھے۔

کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل پربحث کے دوران ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے اس بات پر اعتراض کیا کہ بل کو عجلت میں کیوں منظور کرایا جارہا ہے انہوں نے تجویز پیش کی کہ بل کو آج منظور کرنے کے بجائے مزید غور کے لئے قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ سید سردار احمد کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہزاروں رفاہی پلاٹس کوحال ہی میں قبضہ مافیا سے واگزار کرایاگیا ہے ،کراچی کے بیش قیمت رفاہی پلاٹس کی ہیئت تبدیل کرنے کا قانون بہت اہم ہے تاہم اس قانون کو تبدیل کرنے سے قبل تفصیلی وضاحت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

جس پر وزیر قانون کا موقف تھا کہ کراچی کے رفاہی پلاٹس کو عوامی مفادات کے لیے استعمال کیاجائیگا۔بعد ازاں یہ بل متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ ایوان نے اپنی کارروائی کے دوران سندھ ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹیننس آف انفراسٹرکچر سیس ترمیمی بل2017 ور سندھ لینڈ ٹیکس اینڈ ایگریکلچر اِنکم سیس کی بھی متفقہ طور پر منظور دی۔ جس کے بعد ایوان کی کارروائی غیرمعینہ مدت کے لئے برخاست کردی گئی۔