وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ کا مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پرپیغام

سندھ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود، علاج و معالجے اور ان کے بچوں کی تعلیم کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنا رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

پیر 30 اپریل 2018 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم مئی پوری دنیا میں مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔اس دن شکاگو میں محنت کشوں نے پوری دنیا کے مزدوروں کے بنیادی حقوق کی اہمیت اور اپنی حیثیت منوانے کیلئے ظلم و جبر کے سامنے سرجھکانے کے بجائے اپنی جانیں قربان کرکے مزدور طبقہ کے حقوق کی جدوجہد کی تاریخ مرتب کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے مزدوروں کیلئے بہت سے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ حکومت کے تحت آگئے ہیں اور اب سندھ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود، علاج و معالجے اور ان کے بچوں کی تعلیم کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم مزدوروں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے صرف نعرے بازی پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی اقدام اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مزدوروں کے حقوق کی حفاظت بہتر انداز میں کرنا جانتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ مزدورں کے حقوق کی بات کی ہے اور مزدورں کو حقوق دیئے ہیں۔ یوم مئی کے موقعہ پر ہم ایک بار پھراس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم حکومتی سطح پر مزدوروں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے اور مزدوروں کیلئے رہائشی منصوبوں، کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کو تمام تر طبی سہولتیں فراہم کی جائینگی اور مزید مزدور دوست اقدامات کئے جائیں گے۔