فاٹا کی ترقی سے خیبر پختونخواہ کی بھی ترقی ہوگی، پیپلزپارٹی فاٹا کو کے پی صوبے کا حصہ بنانے کا اصولی فیصلہ کر چکی ‘ آصف زرداری

سابق صدر سے فاٹا کے ایم این اے ساجد حسین طوری ،(ن) لیگ فاٹا کے جنرل سیکرٹری سہیل آفریدی کی ملاقات ، پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان قمر زمان کائرہ مجتبیٰ کھرل ،رنالہ کے چیئرمین ملک طارق ،اوکاڑہ کے علی حسنین فیصل گوندل نے بھی ملاقاتیں کیں ، مختلف امور پر گفتگو

منگل 1 مئی 2018 20:39

فاٹا کی ترقی سے خیبر پختونخواہ کی بھی ترقی ہوگی، پیپلزپارٹی فاٹا کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے فاٹا کرم ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ایم این اے ساجد حسین طوری اور مسلم لیگ(ن) فاٹا کے جنرل سیکریٹری سہیل آفریدی نے بلاول ہائوس میں ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر ساجد حسین طوری اور سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد سیاسی پارٹی جس نے فاٹا کے لئے کام کیا ہے اور فاٹا کے عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے ساجد حسین طوری اور سہیل آفریدی کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت پر ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو فاٹا کو جنت کا ٹکڑا کہتے تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی فاٹا کو کے پی صوبے کا حصہ بنانے کا اصولی فیصلہ کر چکی ہے تاکہ فاٹا کے عوام کو صوبائی اسمبلی میں بھی نمائندگی کا حق ملے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کی ترقی سے کے پی کی بھی ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹانہ صرف قدرتی حسن سے مالا ہے بلکہ وہاں بجلی پیدا کرنے کے وسائل بھی ہیں اور اس علاقے میں صنعتوں کا قیام بھی کیا جا سکتا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ فاٹا میں جدید طرز کے ہسپتال، کالج اور اسکول تعمیر کرنے سے وہاں کے عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، اخونزادہ چٹان اور پیپلزپارٹی پشاور کے صدر سعید خان بھی موجود تھے۔

سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، سابق ایم این مجتبی کھر، اوکاڑہ علی حسنین نقوی چیئرمین بلدیہ رینال ملک طارق نے کونسلروں سمیت ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں فیصل گوندل بھی شامل تھے۔آصف علی زرداری نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج نہ مزدور خوش ہیں اور نہ ہی کسان۔ کسانوں کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تمام طبقات کی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات جیتنے کے بعد پیپلزپارٹی کی ترجیح پسماندہ علاقوں پر بھی ہوگی جو ترقی کے منتظر ہیں۔ آصف علی زرداری نے وفد کو ہدایت کی کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں اور ان کی طاقت بنیں۔