جمہوریت کے فروغ اور استحکام کیلئے ادیبوں کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ،بلاول بھٹو زرداری

کسی بھی معاشرے کو پروان چڑھانے میں یہ بات انتہائی اہمیت رکھتی ہے اہل قلم کو ان کا جائز مقام مل رہا ہے یا نہیں،چیئرمین پیپلزپارٹی پیپلزپارٹی کی قیادت صحافیوں اور قلمکارں کے مسائل کا ادراک رکھتی ہے،حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ،عمیر علی انجم سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 2 مئی 2018 17:52

جمہوریت کے فروغ اور استحکام کیلئے ادیبوں کے کردار کو نظرانداز نہیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ اور استحکام کے لیے ادیبوں کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔پیپلزپارٹی قلمکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ سے کوشاں رہی ہے اور معاشرے میں ان کاجائز مقام دلانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر عمیر علی انجم سے ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ ،صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات سعید غنی اور دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر عمیر علی انجم نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو صحافیوں اور قلم کاروں کے مسائل سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ سے صحافیوں ،ادیبوں اور قلمکاروں کی خدمات کی معترف رہی ہے ۔کسی بھی معاشرے کو پروان چڑھانے میں یہ بات انتہائی اہمیت رکھتی ہے کہ اہل قلم کو ان کا جائز مقام مل رہا ہے یا نہیں ۔شہید ذوالفقار علی بھٹو ،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بھی ہمیشہ قلمکاروں کی خدمات کا اعتراف کرتی رہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اہم اقدامات کیے ۔پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت بھی صحافیوں اور قلمکارں کے مسائل کا ادراک رکھتی ہے اور اس حوالے سے اقدامات کیے گئے ہیں اور جن مسائل کی نشاندہی ہوئی ہے اس کیلئے بھی کام کیا جائے گا ۔