Live Updates

روالپنڈی میں کون سا سیاست دان زیادہ مقبول ہے؛ شہباز شریف کے کروائے گئے سروے کے نتائج آگئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 4 مئی 2018 13:52

روالپنڈی میں کون سا سیاست دان زیادہ مقبول ہے؛ شہباز شریف کے کروائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 مئی 2018ء) : روالپنڈی میں کون سا سیاست دان زیادہ مقبول ہے؛ شہباز شریف کے کروائے گئے سروے نے ن لیگ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔سینئیر سیاست دان چوہدری نثار علی خان پاکستان مسلم لیگ ن سے بھی زیادہ مقبول ہیں۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں عوامی مقبولیت کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی طرف سے ایک معروف کمپنی کے سروے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جس میں دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ راولپنڈی میں چوہدری نثار علی خان کی دونوں حلقوں میں مقبولیت پارٹی سے بڑھ کر ہے۔

حلقہ این اے 63 میں پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ ن میں مقبولیت کے اعتبار سے دو فیصد کا فرق ظاہر کیا گیا۔

(جاری ہے)

سروے کے مطابق 40 فیصد لوگوں نے ن لیگ اور38 فیصد نے تحریک انصاف کے حق میں ووٹ دینے کا عندیہ دیا ہے مگر جب امیدواروں کے حوالے سے سروے کیاگیا تو چوہدری نثار علی خان مقبولیت میں کہیں آگے تھے۔ 49 فیصد نے چوہدری نثار کے حق میں اور 36 فیصد نے سرور خان کے حق میں رائے دی ہے۔

دوسرے حلقے این اے 59 کے حوالے سے سروے میں مزید کہا گیا کہ اس حلقے میں 51 فیصد لوگوں نے مسلم لیگ ن کے حق میں اور 26 فیصد نے تحریک انصاف کے حق میں ووٹ دینے کی بات کی۔جب کہ اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف کے ووٹر بھی چوہدری نثار علی خان سے متاثر نظر آتے ہیں کیونکہ چوہدری نثار کی مقبولیت یہاں بہت زیادہ بتائی گئی ہے۔یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان اس وقت اپنی پارٹی قیادت سے ناراض ہیں جب کہ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے بھی چوہدری نثار علی خان کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دے رکھی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات