کراچی ، نجی سکولوں کی فیس میں اضافے سے متعلق ڈرافٹ تیار

کمیٹی کی نجی سکولوں کو سات کیٹگریزمیں رکھتے ہوئے فیسوں میں اضافے کی تجاویز

جمعہ 4 مئی 2018 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) کراچی کے نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس میں عدالتی حکم پر بننے والی کمیٹی نے ڈرافٹ تیارکرلیاہے۔ کمیٹی نے نجی اسکولوں کو سات کیٹگریزمیں رکھتے ہوئے فیسوں میں اضافے کی تجاویز دی ہیں۔عدالتی حکم پرتشکیل دی جانے والی 12 رکنی کمیٹی میں والدین، محکمہ تعلیم اور نجی اسکولوں کے نمائندے شامل ہیں جنہوں نے 6گھنٹے طویل اجلاس کے بعد یہ ڈرافٹ تیار کیا ہے۔

ڈرافٹ کے تحت ماہانہ 6ہزارروپے یااس سی زائد فیس وصول کرنے والے اسکول فیسوں میں سالانہ 10فیصد تک اضافہ کرسکتے ہیں۔ 12 ہزارسے زائد فیس لینے والے اسکول سالانہ 9فیصد اضافہ کرنی کے مجاز ہوں گے۔24 ہزارسے زائد فیس لینے والے اسکول سالانہ 7 اور18 ہزار سے زائد فیس لینے والے اسکول سالانہ فیسوں میں 8 فیصد اضافہ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

30سی 36ہزار تک فیس لینے والے اسکول سالانہ 6فیصد اضافہ کرسکیں گے جبکہ 36 ہزار سے زائد فیس وصول کرنے والے اسکول سالانہ 5 فیصد تک بڑھانے کے مجازہوں گے۔

کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ یہ ڈرافٹ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرایا جائے گا۔واضح رہے کہ ہائیکورٹ نے نجی اسکولوں کو فیسوں میں اضافے سے روکتے ہوئے سندھ حکومت کو معاملے کا جائزہ لیکر دوبارہ قوانین بنانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد صوبائی حکومت نے معاملے پر کمیٹی تشکیل دی تھی۔