افغان وزارت تجارت کا اعلی سطحی وفد پاکستان کے تین روزہ دورے پر 8 مئی کو اسلام آباد پہنچے گا

پاکستانی حکام سے مذاکرات میں افغان تاجروں ،زرعی شعبے سے منسلک افراد کی پاکستان کو برآمدات سے متعلق مسائل پر بات چیت کی جائیگی

جمعہ 4 مئی 2018 20:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) افغانستان کے وزارت تجارت کا ایک اعلی سطحی وفد پاکستان کے تین روزہ دورے پر8 مئی کو اسلام آباد پہنچے گا ۔ افغان نائب سفیر زردشت شمس نے این این آئی کو بتایا کہ وفد کی قیادت افغان نائب وزیر تجارت کاملہ صدیقی کریں گی ۔9 اور 10 مئی کو پاکستان حکام سے ہونیوالے مذاکرات میں افغان تاجروں اور زرعی شعبے سے منسلک افراد کی پاکستان کو برآمدات سے متعلق مسائل پر بات چیت کی جائیگی۔

دورے کے دوران افغان وفد حکومتی عہدیداروں کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کی مشترکہ وزارت تجارت وصنعت کے پاکستانی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تاجروں کے اختلافی مسائل پر غور کرنا ہے تاکہ مذاکرات کے ذریعے ان کا حل نکالا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان زرعی اجناس بالخصوص سیب کے برآمدکنندگان کو پاکستان کو برآمدات میں مشکلات کا سامنا ہے ، مذاکرات میں اس مسئلے کا حل نکالنے پر بھی گفتگو کی جائیگی۔

دریں اثناء کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ افغان تجارتی وفد کے بعد پاکستان کا بھی ایک تجارتی وفد اس ماہ کابل کا دورہ کرے گا۔اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے سے متعلق گفتگو کی جائیگی۔افغان ،پاکستان صنعت وتجارت کے مطابق دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات اور کئی دیگر وجوہات کی وجہ سے گزشتہ تین سالوں میں تجارت 2.6 ارب ڈالر سے کم ہو کر تقریبا 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔مذاکرات کے دوران تجارت کو بڑھانے سے متعلق بھی مشورے کئے جائینگے۔