نیب کو سیاسی جماعتوں میں ٹوٹ پھوٹ کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے،مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن

ایک دوسری مسلم لیگ (ق) بنانے کے عمل میں سہولت کاری کے عمل سے نیب کی ساکھ تباہ ہوجائے گی،حاجی شاہجہاں ،نور خان اخونزادہ غیر ضروری پھرتیاں حکومت کو مفلوج کرنے کا باعث ہیں ۔بیوروکریسی نے غیر ضروری اقدامات کی وجہ سے کام کرنا چھوڑ دیا،عبدالرحیم اعوان،ملک ریاض

جمعہ 4 مئی 2018 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی شاہجہاں ،جوائنٹ سیکرٹری نور خان اخونزادہ ،لیبر ونگ کے رہنما عبدالرحیم اعوان اور ملک ریاض نے کہا ہے کہ نیب ایک آئینی اور خود مختار ادارہ ہے اسے سیاسی جماعتوں میں ٹوٹ پھوٹ کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے ۔ایک دوسری مسلم لیگ (ق) بنانے کے عمل میں سہولت کاری کے عمل سے نیب کی ساکھ تباہ ہوجائے گی ۔

نیب کی غیر ضروری پھرتیاں حکومت کو مفلوج کرنے کا باعث ہیں ۔بیوروکریسی نے غیر ضروری اقدامات کی وجہ سے کام کرنا چھوڑ دیا ہے ۔جمعہ کو جاری بیا ن میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ نیب کی جانب سے ایک طرف کرپٹ افراد کے کیسز بند کیے جارہے ہیں تو دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے خلاف پھرتیاں دکھائی جارہی ہیں جو عوام کو بخوبی سمجھ میں آرہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بلاتفریق اور شفاف احتساب پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن خاص طور پر مسلم لیگ (ن) کو نشانہ بنانا سمجھ سے بالاتر ہے اور عوام یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کو روکنے کے گریٹر پلان پر کام کیاجارہا ہے ۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ نیب کی غیر ضروری پھرتیاں حکومت کو مفلوج کرنے کا باعث ہیں ۔بیوروکریسی نے نیب کے غیر ضروری اقدامات کی وجہ سے کام کرنا چھوڑ دیا ہے ۔نیب آئینی اور خود مختار ادارہ ہے ۔اس کا کام بلاتفریق کرپشن میں ملوث افراد کا احتساب کرنا ہے لیکن عوام یہ بات بخوبی سمجھ رہے ہیں کہ احتساب کے قومی ادارے کو مسلم لیگ (ن) کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے ۔نیب کو ایک دوسری مسلم لیگ (ق) بنانے میں سہولت کار کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ نیب کی جانب سے سے مسلم لیگ (ن) کو ہدف بنانا پرل پول رگنگ کے مترادف ہے ۔نیب احتساب ضرور کرے لیکن اس میں انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے ۔