کوئٹہ ، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگسے 6 مزدورقتل ، ایک کو زخمی،ملزمان موقع سے فرار

جمعہ مئی 22:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) بلوچستان کے علاقے خاران میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے موبائل فون کمپنی کا ٹاور لگانے والے 6 مزدوروںکو قتل جبکہ ایک کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب بلوچستان کے علاقے خاران میں لجے کے مقام پر موبائل فون کمپنی کا ٹاور نصب کرنے پر مزدور کام کررہے تھے کہ جن پر نامعلوم مسلح افراد نے آتشی اسلحہ سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 6 مزدور فخرالدین‘ جاوید ‘ امانت اللہ ‘ مظہر‘ وقاص‘ شہزاد عرف باری موقع پر جاں بحق جبکہ فائرنگ سے فریال زخمی ہو گیا حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا فائرنگ سے علاقے میں خوب و ہراس پھیل گیا جاں بحق و زخمی ہونے والوں کا تعلق صوبہ پنجاب کے علاقے اوکاڑہ سے بتایا جاتا ہے واقعہ کی اطلاع ملتی ہی لیویز مقامی انتظامیہ فرنٹیئر کور کا عملہ موقع پر پہنچ گیا علاقے کو گھیرے میں لیکر زخمی اور لاشوں کو خاران ہسپتال منتقل کر دیا گیا لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں اور لاشوں کو ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ مزدور بغیر کسی این او سی اور سیکورٹی کے کام کررہے تھے یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں تربت ‘ حب اور دیگر علاقوں میں مختلف منصوبوں پرپاکستان کے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے محنت مزدوری کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے مقامی انتظامیہ نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔