گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ممبر واپڈا واٹر سید اختر علی شاہ کی ملاقات

جمعہ 8 مئی 2026 18:48

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ممبر واپڈا واٹر سید اختر علی شاہ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جمعہ کے روز ممبر واپڈا واٹر سید اختر علی شاہ نےملاقات کی۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں جاری آبی منصوبوں، ڈیمز، لفٹ ایریگیشن اور دیگر ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران صوبے میں آبپاشی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، زرعی شعبے کی بہتری اور پانی کے وسائل کے بہتر استعمال سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے آبی منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبے میں سمال ڈیمز کے قیام کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے ڈیمز نہ صرف پانی ذخیرہ کرنے بلکہ زرعی زمینوں کو سیراب کرنے اور زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے چشمہ رائٹ بنک کینال کو ہونے والے نقصان کی بحالی میں سید اختر علی شاہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات سے علاقے کے زمینداروں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئی اور انہیں بڑی تکلیف سے نجات ملی۔