بھارت کو چھ صفر کا واقعہ مسلسل یاد دلاتے رہیں گے‘وزیرتعلیم پنجاب

جمعہ 8 مئی 2026 18:53

بھارت کو چھ صفر کا واقعہ مسلسل یاد دلاتے رہیں گے‘وزیرتعلیم پنجاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ بھارت کو چھ صفر کا واقعہ بھولنے نہیں دیں گے، مسلسل یاد دلاتے رہیں گے،معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پرپنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ جو کہتے تھے ہمارے رافیل کوئی نہیں گرا سکتا، آج بھی اس کا ملبہ تلاش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ پاکستان جیسی آرمڈ فورسز کسی دوسرے ملک کے پاس نہیں۔ ہماری تاریخ شجاعت کے زخموں سے بھری پڑی ہے۔ جب جب دشمن نے ہمیں آزمایا، ہم بنیان المرصوص ثابت ہوئے اور غرور کا بت پاش پاش کیا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ بارڈرز پر ہمارے فوجی، ہوائوں میں ائیر فورس، پانیوں میں بحری افواج ہماری حفاظت کر رہی ہے۔ آج ہم اپنی افواج کی وجہ سے سکون کی نیند سو رہے ہیں۔ آج کے دن ہم اپنی بری، بحری اور فضائی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر تعلیم پنجاب نے مزید کہا کہ پاک افواج نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا، آج ہم اس یاد کو منا رہے ہیں۔