Live Updates

شکریہ آصف زرداری، ہمیں آپ سے سیاسی اتحاد کی خواہش نہیں ،ْفواد چوہدری

پی ٹی آئی ایوانِ زریں میں تنہا آئی تھی اور وہ تنہا ہی حکومت تشکیل دینے کا ارادہ رکھتی ہے ،ْ آصف زر داری کے بیان پر رد عمل

اتوار 6 مئی 2018 14:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی سیاسی اتحاد کی خواہش مند نہیں۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لیے تیار ہیں۔

آصف علی زرداری کی جانب سے جاری بیان کے اگلے ہی روز پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے پارٹی کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ بہت شکریہ آصف علی زرداری، ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی ایوانِ زریں میں تنہا آئی تھی اور وہ تنہا ہی حکومت تشکیل دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی آصف علی زرداری کی پارٹی سے کبھی ہاتھ نہیں ملائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی 272 عام نشستوں پر 200 امیدوار کھڑا کررہے ہیں اور امید ہے کہ ہمیں مشترکہ طور پر 150 نشستوں کی برتری حاصل ہوگی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دیگر سیاسی پارٹیاں 100 سے زیادہ امیدوار کھڑے کرنے کی صلاحیت سے محروم ہیں جبکہ دونوں پی پی پی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو امیدوار کی تلاش میں جدوجہد کرنا پڑیگی۔فواد چوہدری نے نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) علاقائی پارٹیوں کے سانچے میں ڈھل چکی ہیں اور پی ٹی آئی کا دونوں سے ہی کوئی مقابلہ نہیں۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے واضح کیا کہ پی پی پی اندورن سندھ اور مسلم لیگ (ن) مرکزی پنجاب میں مقبولیت رکھتی ہے اور انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) اپنا وجود کھو دے گی۔انہوں نے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کے سمجھوتے کی تردید کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات