Live Updates

میرٹ کی دعویدار حکومت نے لوٹ سیل لگادی‘ امتیاز اعوان

وفاق کے ساتھ ساتھ جعلی مینڈیٹ کی حامل آزادحکومت بھی چلتی بنے گی‘ کارکنان سے گفتگو

اتوار 6 مئی 2018 20:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) تحریک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی رہنماء امتیاز اعوان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں میرٹ اور گڈ گورننس کی دعویدار حکومت نے لوٹ سیل لگا رکھی ہے۔ دھاندلی کی پیداواروفاقی حکومت بہت جلد اپنے انجام کو پہنچے گی۔ وفاق سے کرپٹ حکمرانوں کی رخصتی کے ساتھ ہی آزادکشمیر سے بھی جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت کی بارات چلی جائے گی۔

دونوں کا ولیمہ اکھٹا ہو گا ۔پاکستان میں عام انتخابات میں قومی وسائل لوٹنے والوں کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز پٹہکہ میں کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ امتیاز اعوان نے مزید کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں ہماری جدوجہدکامقصد فرسودہ نظام کا خاتمہ ہے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں سیاستدانوں نے برادری ازم کو ہوادے کر لوگوں کا استحصال کیا ہے۔

غریب لوگوں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا یا گیا۔پاکستان میں عام انتخابات قریب ہیں۔ موسمی سیاستدان اب دوبارہ جال بچھانے کی تیاری کررہے ہیں لیکن اب کی بار عوام ان کے جال میں نہیں پھنسیں گے۔اب ڈرا دھمکا کر ووٹ لینے کا زمانہ چلا گیا ہے۔ کپتان عمران خان نے پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام کو بیدار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ جوق در جوق سونامی کا حصہ بن رہے ہیں۔تمام موسمی سیاستدان سونامی کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر اب حکمران طبقہ پریشانی میں مبتلاء ہے۔ عوام عام انتخابات میں ووٹ کے ذریعے کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب کرینگے۔اور تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر حکومت بنائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات