کیٹیگری اے ہسپتال کے ڈی اے کو سہولیات فراہم کی جائیں‘ سلیم الطاف

منگل 8 مئی 2018 13:02

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوھاٹ کو کیٹیگری اے ہسپتال کی سہولیات کی عدم فراہمی پر غیر سیاسی تنظیم کاروان عمل کا کوھاٹ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ‘ پریس کلب تاکچہری چوک ریلی ‘یاد گارشہداء کے مقام پر جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو کٹیگری اے ہسپتال کی سہولیات فراہم نہ کرنے کے خلاف کاروان عمل کوھاٹ نامی تنظیم نے کوھاٹ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

بعدازاں احتجاجی ریلی کچہری چوک تک نکالی گئی۔کچہری چوک میں احتجاجی جلسہ سے سلیم الطاف ایڈوکیٹ ‘امیر عجم ایڈوکیٹ‘ نعیم اقبال کوھاٹی ‘دلاور اعوان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی حکومت میں آج کوھاٹ کے عوام صحت کے انصاف کے لئے سڑکوں پر آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کاکہنا تھا کہ سابقہ دور حکومت کے دوران 2010ء میں کے ڈی اے ہسپتال کو کٹیگری اے کا درجہ تو دیا گیا ہے مگر ہسپتال کٹیگری اے کی سہولیات اور سٹاف سے تاحال محروم چلاآرہاہے جو کوھاٹ کے عوام کے حقوق پرشب خون ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ اس حوالے سے کاروان عمل کے سربراہ نے وزیر صحت شہرام ترکئی سے تین سال قبل ملاقات کی تو انہوںنے مکمل طورپر ٹرخادیا اورانہی کے دور حکومت میں انصاف کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائی جاتی رہیں۔ ان کاکہنا تھاکہ ہسپتال پر اورکزئی ایجنسی‘ کرم ایجنسی‘ ھنگو‘کوھاٹ اورکرک کے عوام کا انحصارہے لہٰذا عوام کے ان حقوق کے حصول کے لئے ہم نے 21 اگست 2017 سے کے ڈی اے ہسپتال کے سامنے پرامن احتجاج کاسلسلہ شروع کیا اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اسے کٹیگری اے کی سہولیات مہیا نہ کی جائیں۔

ان کاکہنا تھا کہ احتجاج کے پس منظر کوئی سیاسی عزائم نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے حصول کے لئے ایک پرامن جدوجہد ہے۔ انہوںنے اعلان کیا کہ وہ عنقریب اس احتجاج کو پشاور پریس کلب تک لے جائیں گے اور اس کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیاجائے گا۔ انہوںنے کوھاٹ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس حق کے حصول کی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :