ہٹیاں دوپٹہ میں روڈکی اکھاڑپچھاڑ، بازار گردوغبار میں ڈوب گیا

کاروبار تباہ، بازار سے گزرنا محال،نجمن تاجران کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعہ 11 مئی 2018 18:24

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) ہٹیاں دوپٹہ میں روڈکی اکھاڑپچھاڑ، بازار گردوغبار میں ڈوب گیا، تاجر بیماریوں کا شکار ہونے لگے، کاروبار تباہ، بازار سے گزرنا محال،انجمن تاجران ہٹیاں دوپٹہ نے متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، تفصیلات کے مطابق ہٹیاں دوپٹہ بازار میں روڈکو اکھاڑ کر کھنڈرات بنا دیا گیا ہے جس باعث بازار میں گردوغبار کے پیش نظر تاجر برادری اور عوام الناس کا جینا محال ہوچکا ہے، گردوغبار کے باعث گاہک اس بازار میں جانے سے گریز کرتے ہیں اور تاجروں کا کاروبار بری طرح تباہ ہوچکاہے، گردوغبار کے باعث تاجر گلے، ناک اور کان کی بیماریوں کا شکار بھی ہورہے ہیں، اس صورتحال سے تنگ آکر انجمن تاجران ہٹیاں دوپٹہ نے وزیراعظم، چیف سیکرٹری، محکمہ ماحولیات، وزیرشاہرات، سیکرٹری شاہرات اور ایم ایل اے حلقہ چھ ڈاکٹر مصطفٰی بشیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ہٹیاں دوپٹہ بازار کے تاجروں کو اس مسلہ سے نجات دلائی جائے، روڈ کی مرمتی کا کام کرتے ہوئے ہر گھنٹے بعد بازار میں پانی کا چھڑکاو کرایا جائے، روڈ کی مرمتی کاکام جلدازجلد مکمل کرانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو آئندہ دوروز میں ہم اپنا لائحہ عمل طے کرکے احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور ہونگے۔