بھارت کا غیر منصفانہ ،منتقمانہ اور استحصالی رویہ خطے میں عدم استحکام نفرت اور دہشتگردی کی بڑی وجہ ہے ‘ سعد رفیق

قیام پاکستان سے پاکستان دولخت کرنے اوراب سی پیک میں رکاوٹیں کھڑی کرنے تک بھارت نے پاکستان کو چین سے جینے نہیں دیا‘ بیان

اتوار 13 مئی 2018 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت کا غیر منصفانہ ،منتقمانہ اور استحصالی رویہ خطے میں عدم استحکام نفرت اور دہشتگردی کی بڑی وجہ ہے ،امریکہ کی ناکام افغان پالیسی نے افغانستان اور پاکستان کو دہشتگردی کی آگ میںجھونکا اور بھارتی لیڈر شپ نے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کیا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ ریاست ریاست پاکستان اپنے قیام سے آج تک بھارت کی جانب سے عدم تحفظ کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

خطے میں امن اور استحکام دونوں ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔حجم اور وسائل میں بڑا ہونے کے ناطے بھارت کی ذمہ داری کہیں زیادہ ہے جو ادا نہیں کی گئی ۔ انہوںنے کہا کہ قیام پاکستان سے پاکستان دولخت کرنے اور اب سی پیک میں رکاوٹیں کھڑی کرنے تک بھارت نے پاکستان کو چین سے جینے نہیں دیا۔بھارت کا غیر منصفانہ منتقمانہ اور استحصالی رویہ خطے میں عدم استحکام نفرت اور دہشتگردی کی بڑی وجہ ہے ۔ مسئلہ کشمیر ، آبی وسائل سمیت تمام باہمی مسائل کے منصفانہ حل کے بغیر آگے بڑھنا نا ممکن ہے۔