جو ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) نے پانچ سالوں میں کئے ہیں ان کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، پاکستان کے عوام آئندہ انتخابات میں ترقی و خوشحالی کا ساتھ دینے کا عزم کیے ہوئے ہیں، برجیس طاہر

اتوار 13 مئی 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نی کہا ہے کہ پاکستان کے عوام آئندہ انتخابات میں ترقی و خوشحالی کا ساتھ دینے کا عزم کیے ہوئے ہیں ، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کے موجودہ پانچ سالہ دور اقتدار پر نظر ڈالتے ہوئے اس امر کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ جو ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) نے ان پانچ سالوں میں کئے ہیں ان کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، انہوں نے کہا کہ کہ ریکارڈ بجلی کے منصوبے اور ہزاروں کلومیٹر طویل موٹر ویز کی تعمیر و تکمیل صرف اور صرف محمد نواز شریف کی پاکستان سے محبت اور اس کو مستحکم ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے عزم کا نتیجہ ہے ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کوششوں سے پاکستان ترقی کی جس شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے اس سے آج پاکستان سے بغض رکھنے والے ممالک خصوصی طور پر بھارت بھی خائف ہو چکا ہے اور سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے آئے روز سازشیں کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ہمیشہ یہ خواہش رہی ہے کہ پاکستان کو دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر بنانے کے بعد پاکستان کو معاشی اعتبار سے بھی ناقابل تسخیر بنایا جاء ے لیکن افسوس اس امر کا ہے کہ نواز شریف کی ملک کے مفاد میں ان تمام کو ششوں کو شروع دن سے ہی ثبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی اور دھرنوں اور سازشوں کے ذریعے مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کو الجھایا گیا ، انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے اس قدر خدمات اور درد رکھنے والے شخص پر چار ارب ڈالر بھارت غیر قانونی طریقے سے بجھوانے کے غلط اور بے بنیاد الزامات انتہائی تکلیف دہ اور مایوس کن ہیں ، انہوں نے کہا کہ ایسے بے بنیاد الزامات سے عام شخص کے لیے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگانے کی کوششش کی جا رہی ہے تاکہ پیش آمدہ انتخابات میں مسلم لیگ( ن) کو اقتدار کی دوڑ سے باہر کیا جا سکے ، انہوں نے کہا کہ مخالفین کے ان تمام حربوں اور سازشوں کے برعکس خنجراب تا گوادر پاکستان کا بچہ بچہ نواز شریف کے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اس کی تمام قیادت کو نااہل کرنے کے لیے مخالفین کو پاکستان کے ان بیس کروڑ عوام کو بھی نااہل قرار دینا ہو گا جو نواز شریف کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں ، انہوں نے کہا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی صرف اور صرف مسلم لیگ ( ن) کے ساتھ وابستہ ہے اور نہ کہ ان جماعتوں کا ساتھ جنہوں نے صوبہ سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کیا اور صوبہ خیبر پختنخوا کو نااہل طرز حکومت کی ایک نئی مثال بنا کے رکھ دیا ہے۔